پاکستان آئیڈل میں راحت فتح علی خان کے بیٹے کی پرفارمنس سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں آگئی۔
معروف پاکستانی کلاسیکل اور غزل گلوکار راحت فتح علی خان دنیا بھر میں اپنے مداحوں کے وسیع حلقے کے لیے جانے جاتے ہیں۔ بےشمار سپرہٹ گانے ان کے کریڈٹ پر ہیں، ان دنوں وہ میوزیکل ریئلٹی شو پاکستان آئیڈل میں جج کے فرائض انجام دے رہے ہیں، جہاں ان کے ساتھ فواد خان، بلال مقصود اور زیب بنگش بھی بطور جج شامل ہیں، ناظرین شو میں راحت فتح علی خان کی موجودگی کو خاص طور پر پسند کر رہے ہیں۔
پاکستان آئیڈل کی حالیہ قسط میں راحت فتح علی خان کے صاحبزادے شاہ زمان فتح علی خان نے خصوصی پرفارمنس دی۔ انہوں نے اپنے دادا لیجنڈری استاد نصرت فتح علی خان کا شہرۂ آفاق کلام ’کسے دا یار نہ بچھڑے‘ پیش کیا۔
تاہم شاہ زمان فتح علی خان کی اس پرفارمنس کو سوشل میڈیا پر ملا جلا نہیں بلکہ زیادہ تر منفی ردِعمل کا سامنا کرنا پڑا، صارفین نے ان کی گائیکی پر سخت تنقید کی اور مختلف تبصروں میں اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’بالکل فضول پرفارمنس! اس عمر میں آواز میں کوئی وضاحت نہیں، آگے جا کر کیا گائیں گے؟ ‘ایک اور تبصرہ کچھ یوں تھا کہ ’ایسا لگ رہا ہے جیسے اسپیڈ پر گا رہے ہیں، پہلی بار کسی گانے میں اسپیڈ لگانے کی ضرورت ہی محسوس نہیں ہوئی، بیٹا ذرا آہستہ گاؤ۔‘
ایک صارف نے سخت الفاظ میں کہا کہ ’اس میں صرف ایک ہی خوبی ہے کہ یہ راحت فتح علی خان کا بیٹا اور نصرت فتح علی خان کا پوتا ہے۔‘
کچھ مداحوں نے یہ بھی کہا کہ بیک گراؤنڈ میں گانے والے گلوکار اس سے زیادہ طاقتور اور اثر انگیز لگ رہے تھے۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ ’تیز رفتار گائیکی نے اس اداس کلام کو دھمال بنا دیا ہے‘، جبکہ ایک تبصرہ یہ بھی سامنے آیا کہ ’یہ واضح طور پر نیپوٹزم کی پیداوار ہے‘۔
کئی صارفین نے مجموعی طور پر پرفارمنس کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ یہ بالکل اچھی پرفارمنس نہیں تھی۔