پاکستانی اداکار تحسین وجاہت چشتی نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے نامور گلوکاروں عاطف اسلم اور گوہر ممتاز کا پہلا آڈیشن لیا تھا۔
تحسین وجاہت چشتی ایک باصلاحیت پاکستانی اداکار، سوشل میڈیا انفلوئنسر اور ماڈل ہیں۔ انہوں نے ڈرامہ سیریل فیری ٹیل میں ہلال پاشا کے کردار سے شہرت حاصل کر چکے ہیں۔ انہوں نے متعدد کامیاب ٹی وی کمرشلز اور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں، جن میں میم سے محبت اور میری بہوائیں جیسے معروف ڈرامے شامل ہیں۔
حال ہی میں تحسین وجاہت چشتی نے ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے انکشاف کیا کہ انہوں نے عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم اور گوہر ممتاز کے کیریئر کے ابتدائی دنوں میں ان کا پہلا آڈیشن لیا تھا۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ عاطف اسلم اور گوہر ممتاز اس وقت پاکستان انسٹیٹیوٹ آف کمپیوٹر اسٹڈیز (پکس) کالج میں زیرِ تعلیم تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے پھوپھی زاد بھائی اس دور میں ایک معروف گلوکار تھے اور شان شاہد کی فلموں کے لیے گانے گا چکے تھے۔ اسی لیے پکس کالج نے انہیں خفیہ طور پر گائیکی کے مقابلے کے لیے بطور جج مدعو کیا تو انہوں نے میرا نام بھی جج کے لیے تجویز کیا۔
انہوں نے بتایا کہ شارٹ لسٹنگ کے دن گوہر ممتاز خود مجھے پِک کرنے آئے، جبکہ عاطف اسلم آڈیشن شروع ہونے سے پہلے میرے پاس آئے اور بتایا کہ انہیں فلو ہے، تاہم آواز ٹھیک ہے۔
تحسین نے بتایا کہ میں نے عاطف کو پرفارم کرنے کا کہا اور بعد میں انہیں منتخب کرلیا۔ آڈیشن کے دوران عاطف اسلم نے معروف پاکستانی گانا ’ہاتھ سے ہاتھ کیا گیا‘ گایا تھا، جسے اصل میں سونو نگم نے گایا تھا۔
یہاں انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اس وقت گوہر ممتاز بطور گلوکار نہیں بلکہ موسیقار آڈیشن دینے آئے تھے۔