ملتان میں جنگ میڈیا گروپ کے زیر اہتمام ایک روزہ ایجوکیشن ایکسپو کا اہتمام کیا گیا۔تعلیم کے فروغ کے لیے جنگ گروپ نے ہمیشہ سے اپنا کردار ادا کیا اور اسی کی ایک کڑی ہے ملتان کے ایک مقامی ہوٹل میں ہونے والی ایک روزہ ایجوکیشن ایکسپو ۔
ایجوکیشن ایکسپو کا افتتاح سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کیا، جن کا کہنا تھا کے اس طرح کی ایکسپو جنوبی پنجاب جیسے خطے میں ہونا ایک اچھا قدم ہے جس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
ایجوکیشن ایکسپو میں 40سے زائد ملکی اور غیر ملکی تعلیمی اداروں کی جانب سے اسٹالز سجائے گئے، ان اسٹالز کا مقصد ایکسپو میں آنے والے طلبا اور ان کے والدین کو نا صرف تعلیمی اداروں سے روشناس کرانا بلکہ ان اداروں میں دی جانے والی تعلیم کے معیار سے آگاہی دینا تھا۔
جنگ گروپ کی جانب سے منعقدہ اس ایکسپو میں ناصرف ملتان کے شہریوں بلکہ جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے طلبا نے بھرپور انداز میں شرکت کی اور ایکسپو میں لگنے والے اسٹالز سے معلومات حاصل کر کے اپنے تعلیمی مستقبل کی راہیں تلاش کیں۔