ورلڈ وائڈ ویب (جسے عام طور پرwww یا صرف ویب کہا جاتا ہے) معلومات حاصل کرنے کا ایک بین الاقوامی ذریعہ ہے، جسے صارف انٹرنیٹ سے منسلک کمپیوٹرز کے ذریعے لکھ اور پڑھ سکتے ہیں۔ ٹِم برنرز- لی نے 1989ء میں جنیوا میں واقع CERN سینٹر میں ہائپر لنکس کے ذریعے ساتھی کارکنوں کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے ورلڈ وائڈ ویب تیار کیا۔ اس سائٹ نے ویب کی خصوصیات کو بیان کیا، یہ بھی بتایا کہ اپنا ذاتی سرور کیسے ترتیب دیں اور دوسرے لوگوں کی مشترکہ دستاویزات تک کیسے رسائی حاصل کی جائے۔
ورلڈ وائڈ ویب کی مقبولیت میں تیزی آنے سے بڑے اور تیز سرورز کی ضرورت پیدا ہوئی۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ www انسانوں کے درمیان لین دین، تعامل (interaction)اور رابطے کا بنیادی ذریعہ بن گیا، جس نے لوگوں کے لیے ایسے امکانات کے دروازے کھول دیے جن کا اس سے پہلا شاید تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھا۔ ورلڈ وائڈ ویب نے تعاون (collaboration)اور کاروبار کی ترقی کے لیے ماحول پیدا کیا۔
ورلڈ وائڈ ویب کے بغیر لوگ اپنی انگلیوں پر دستیاب معلومات کی کثرت تک بآسانی رسائی حاصل نہیں کرسکتے۔ اسی اہمیت کے پیش نظر دنیا بھر میں ہر سال یکم اگست کو ورلڈ وائڈ ویب ڈے بھی منایا جاتا ہے تاکہ انٹرنیٹ کی آفاقیت پر روشنی ڈالی جاسکے اور اس بارے میں آگاہی فراہم کی جائے کہ ورلڈ وائڈ ویب نے دنیا بھر میں تعاون اور ترقی کے امکانات کو کیسے بڑھایا ہے۔
بہت سے لوگ روزانہ معلومات حاصل کرنے اور ذاتی کاموں اور پیشہ ورانہ سرگرمیوں کو مکمل کرنے کے لیے انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں۔ دوسرے اپنے خاندان اور دوستوں سے رابطہ قائم کرنے کے لیے انٹرنیٹ کا استعمال کرتے ہیں، جو کہ ان سے بہت دور رہتے ہیں۔ ویب نے ہمارے کام کرنے کے طریقے کو بدل دیا ہے اور جڑے رہنے کی ہماری صلاحیت میں تیزی سے اضافہ کیا ہے۔
تاریخ
دسمبر 1990ء تک دنیا کا پہلا سرور اور ویب سائٹ CERN پر لائیو ہونے کے قریب تھے۔ ورلڈ وائڈ ویب کو ہائپر لنکس کے ذریعے مواصلات کی ترغیب دینے کے لیے ایک نظام کے طور پر ڈیزائن کیا گیا تھا۔ 30اپریل 1993ء تک CERN نے ورلڈ وائڈ ویب سافٹ ویئر کو پبلک ڈومین بنانے کا فیصلہ کیا۔ ورلڈ وائڈ ویب فاؤنڈیشن کے مطابق، ’’اکتوبر 1990ء تک، ٹم نے تین بنیادی ٹیکنالوجیز لکھی تھیں جو آج کے ویب کی بنیاد بنی ہوئی ہیں۔
ایچ ٹی ایم ایل : ہائپر ٹیکسٹ مارک اَپ لینگویج (HTML)۔ یہ ویب کے لیے مارک اَپ (یعنی فارمیٹنگ) کی زبان ہے۔
یو آر آئی: یونیفارم ریسورس آئیڈینٹی فائر(URI)۔ یہ ایک قسم کا منفرد ’پتہ‘ ہے اور ویب پر ہر وسائل (resource) کی شناخت کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ اسے عام طور پر یونیفارم ریسورس لوکیٹر (URL)بھی کہا جاتا ہے۔
ایچ ٹی ٹی پی: ہائپر ٹیکسٹ ٹرانسفر پروٹوکول (HTTP)۔ پورے ویب سے منسلک وسائل کی بازیافت کی اجازت دیتا ہے۔
یہ تینوں پہلو ویب بناتے ہیں، جنھیں لاکھوں لوگ انٹرنیٹ سرچ انجن کے ذریعے معلومات حاصل کرنے کے لیے مستقل بنیادوں پر استعمال کرتے ہیں۔ دنیا بھر میں ویب، جسے بعض اوقات غلطی سے انٹرنیٹ سمجھا جاتا ہے، ایک عالمی معلوماتی چینل ہے جس تک افراد انٹرنیٹ سے منسلک ہونے پر اپنی ڈیوائسز کے ذریعے رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
آن لائن سیفٹی کیوں اہم ہے؟
آپ ذاتی اور کاروباری مقاصد کیلئے کتنے مختلف پلیٹ فارم استعمال کرتے ہیں؟ مثال کے طور پر، ایک چھوٹے کاروبار میں کئی سوشل میڈیا اکاؤنٹس، ایک ویب سائٹ اور ایک ای میل اکاؤنٹ ہو سکتا ہے۔ ہر پلیٹ فارم میں مختلف حفاظتی احتیاطیں شامل ہیں۔
سوشل میڈیا پر محفوظ رہنے کا طریقہ: سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سیکیورٹی سیٹنگز کا استعمال کریں۔ یاد رکھیں، ایک بار جب آپ کچھ آن لائن پوسٹ کر دیتے ہیں تو وہ آن لائن رہتی ہے، چاہے آپ اسے حذف کر دیں۔ دوسروں کے بارے میں آپ جو کچھ آن لائن پوسٹ کرتے ہیں اس کی نگرانی کرکے سائبربُلنگ کو ختم کریں اور اپنے لیے ایک باوقار آن لائن موجودگی کو فعال طور پر بنانا جاری رکھیں۔
محفوظ سرچ کی مشق: کلک بیٹ سے بچیں، اس سے مراد کسی پُرکشش اشتہار پر کلک کرنا ہے، جو صارفین کو عام طور پر سیلز پیج پر لے جاتا ہے۔ یہ اشتہارات غیر محفوظ ویب سائٹس کا باعث بھی بن سکتے ہیں اور آپ کی ڈیوائس اور اس کے سافٹ ویئر کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ سرچ انجن کا استعمال کرتے ہوئے، آپ جن ویب سائٹس پر جاتے ہیں، وہاں احتیاط کریں۔ ایسے آن لائن ذرائع کے ساتھ ذاتی یا مالی معلومات شیئر نہ کریں جن سے آپ واقف نہیں ہیں۔
محفوظ طریقے سے آن لائن خریداری: ویب سائٹ پر رازداری کی پالیسی یا کُکی اسٹیٹمنٹ تلاش کریں۔ یہ لین دین کے دوران موصول ہونے والے صارفین کے ڈیٹا کی حفاظت کے لیے کمپنی کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ اگر کوئی کمپنی عام ادائیگی اور شپنگ کی معلومات سے زیادہ معلومات کی درخواست کرتی ہے تو آپ کو آرڈر نہیں دینا چاہیے۔