لاہور(خبر نگار)جنگ گروپ کے زیر اہتمام پاکستان کی سب سے بڑی تعلیمی نمائش’’ دی نیوز ایجوکیشن ایکسپو2022‘‘ کا گذشتہ روز پی سی ہوٹل لاہور میں آغاز ہو گیا۔ اس دو روزہ نمائش کا افتتاح جنگ گروپ کی سی ایم او ( چیف مارکیٹنگ آفیسر) سعدیہ شریف نے کیا ۔ انہوں نے اس موقع پر مختلف سٹالز کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو اپنے بہتر مستقبل کے لئے رہنمائی کے لیے جنگ گروپ کی جانب سے ایک چھت تلے رہنمائی فراہم کی جارہی ہے ۔ ایسویسی ایٹ ڈائریکٹر مارکیٹنگ دی نیوز عرفان اشرف اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ یہ تعلیمی نمائش صبح 10 بجے سے شام 7 بجے تک بغیر کسی وقفے کے بغیر جاری رہی۔ نمائش آج بھی شام6 بجے تک جاری رہے گی۔ تعلیمی نمائش میں کثیر تعداد میں لوکل اور انٹرنیشنل یونیورسٹیوں اور کالجز نے اپنے سٹال لگائے ہیں جو شرکاء کے لئے توجہ کا مرکز بنے رہے اور طلبہ اور ان کے والدین جوق در جوق تمام دن اس کانفرنس کو دیکھنے کے لئے آتے رہے۔ نمائش میں آنے والے طلبہ،والدین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنگ گروپ کی جانب سے ایک بار پھر اتنے بڑے پیمانے پر اور اتنی بڑی تنظیم کی جانب سے تعلیمی مواقع کی فراہمی ایک احسن اقدام ہے۔ ایک چھت تلے اتنے بہترین تعلیمی ا یجوکیشنل انسٹی ٹیوٹس کو اکٹھا کر کے ہم طلبہ کی رہنمائی، ہم پر ایک بڑا احسان ہے۔یہ رہنمائی کا ایک عظیم فورم ہے، اس سے قبل مواقعوں کی تلاش اور چھان بین کے ساتھ بہترین انسٹی ٹیوٹس کا انتخاب دریافت کرنے کے لئےطلبہ کوبہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا تھا لیکن جنگ گروپ نے یہ مشکل آسان کر دی۔ اس سے یقینی طور پر ہمارا علمی مستقبل روشن ہو گا۔ ایکسپو میں یو نیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈٹیکنالوجی، دی یونیورسٹی آف لاہور، سپیرئیر گروپ آف کالج،جے این ایس، یونیک انسٹی ٹیوٹ، بیکن ہائوس نیشنل یونیورسٹی،ہجویری یو نیورسٹی، لاہور لیڈز یونیورسٹی، سپئرئیر گروپ آف کالجز،پاک ایمز ، ورچوئل یونیورسٹی،شریف انسٹی ٹیوٹ، پی این وائے، یورو، یونیورسٹی آف لاہور،نساء ، لاہور گریژن یونیورسٹی،ایف سی کالج، گلاب دیوی انسٹی ٹیوٹ،فارن ایکسپو، آئی ٹی یونیورسٹی، نو ر انٹرنیشنل، جی سی یونیورسٹی لاہورمنہاج یونیورسٹی سمیت بے شمار دیگر تعلیمی اداروں نے معلومات کے لیے سٹال لگائے ہو ئے ہیں ۔نمائش میں ہزاروں کی تعداد میں طلبہ نے شرکت کی اس کے علاوہ مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی اور گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ نمائش آج بھی جاری رہے گی۔