جدید ٹیکنالوجی نے جہاں ہمارے دیگر کئی کاموں کو آسان کردیا ہے، وہاں گھر بیٹھے چیزیں خریدنے کی سہولت بھی میسر آگئی ہے۔ کووِڈ-19لاک ڈاؤن نے اس رجحان کو مزید پروان چڑھایا۔ یہ تو ہوگئی صارف کی سہولت کی بات۔ حالانکہ ای کامرس سے کاروباری طبقہ بھی فائدہ حاصل کررہا ہے لیکن اس کے لیے اس کی محنت کافی بڑھ گئی ہے۔
ای کامرس کا کاروبار قائم کرنا ایک محنت طلب کام ہے۔ کاروبار قائم کرنے کے بعد اس سے پیسہ کمانا اور بھی مشکل اور محنت طلب ہے، تاہم جن لوگوں نے اس شعبے میں کامیابی حاصل کی، ان سے سیکھنے سے بلاشبہ کامرانی کے امکانات روشن ہوجاتے ہیں۔
آن لائن بزنس کامیابی سے چلانے کے لیے آپ کو بہت کچھ سیکھنا پڑے گا۔ جیسے صارفین کو کیسے تلاش کیا جائے؟ ان سے رابطہ کیوں کر استوار کیا جائے؟متعلقہ اور نمایاں تحقیقی نتائج تک کیسے رسائی حاصل کی جائے؟ ان تمام سوالوں کے جوابات کے لیے ذیل میں کچھ مؤثر ای کامرس کتابوں کا تعارف پیش کیا جارہا ہے، جن میں ای کامرس پروفیشنلز ماہرین نے اپنے تجربات کی روشنی میں لوگوں کی رہنمائی کی ہے۔
کسی بھی ہنر کے لیے بہترین کتاب
اگر آپ ای کامرس بزنس شروع کرنے کے لیے نصابی کتاب کے خواہاں ہیں تو ’ای بزنس اینڈ ای کامرس مینجمنٹ‘ سے بہتر انتخاب اور کوئی نہیں ہوسکتا۔ڈیو چیفی کی مرتب کردہ اس کتاب کے کئی ایڈیشن آچکے ہیں۔ یہ کتاب ای کامرس بزنس کےان تکنیکی پہلوؤں اور سافٹ اسکلز کا احاطہ کرتی ہے جو کامیابی کے لیے ضروری ہیں۔
اسے قومی و بین الاقوامی قارئین کو مدِ نظر رکھتے ہوئے تحریر کیا گیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ ٹیم کو کیسے ترتیب دیا جائے؟ منصوبہ بندی کی کیا اہمیت ہے؟ آپ چاہے طالب علم ہیں، ماہر یا کاروبار شروع کرنے کے خوگر، ہر تین لحاظ سے یہ کتاب آپ کے لیے بہترین راہ نما بن سکتی ہے۔
آن لائن کاروبار شروع کرنے کیلئے بہترین کتاب
کیا آپ ای کامرس بزنس شروع کرنے کے لیے تیار ہیں؟ کاروبار شروع کرنے سے پہلے آپ کو کچھ پیشگی تیاری کرنی پڑے گی۔ شکر ہے کہ ای کامرس صنعت کے تجربہ کار اور آزمودہ شخص جیف واکر نے اپنی کتاب’’انٹرنیٹ کے ذریعے لکھ پتی بننے کا خفیہ نسخہ‘‘ میں ایسے اصول و ضوابط بتائے ہیں جن پر عمل پیرا ہوکر آپ اپنے آن لائن بزنس کو یقینی کامیابی سے ہمکنار کرسکتے ہیں۔ یہ آسان روڈ میپ آپ کو مختصر بجٹ سے کاروبار شروع کرنے کا ڈھنگ سکھاتا ہے۔ اس کتاب کا مطالعہ ان پاکستانی نوجوانوں کے لیے مفید ہوسکتا ہے جو ای کامرس بزنس شروع کرنے کے خواہش مند ہیں۔
کسٹمر سروس سیکھنے کیلئے بہترین کتاب
ہم اکثر صارف کی شاندار خدمت کے حوالے سے کہانیوں سے بہت متاثر ہوتے ہیں۔ اپنے صارف یا خریدار کو خوش کرنے اور انہیں اپنی مصنوعات و خدمات پر قائل کرنے کے لیے ہر حد سے گزرجاتے ہیں۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا یہ بہتر حکمت عملی ہے؟ بل پرائس اور ڈیوڈ جیف اپنے بہترین انداز نظر اور شاندار کتاب میں ’دی بیسٹ سروس از نو سروس‘ میں کچھ اور ہی حکمتِ عملی تجویز کرتے ہیں کہ ’’صارف کی خدمت،خدمت نہ کرنا ہے‘‘،جو کتاب کا عنوان بھی ہے۔
بجائے یہ کہ صارف کے پیچھے ہاتھ دھوکر اس طرح پڑ جائیں کہ وہ آپ کی شکل دیکھ کر ہی اپنا راستہ بدل لےبلکہ انہیں کمپنی کی خوبیوں، مصنوعات و خدمات کی خصوصیات پر قائل کرتے ہوئے ان کی ضروریات پر توجہ مرکوز کریں۔ کتاب میں دئیے گئے سات اصول آپ کو بہترین کسٹمر سروس مہیا کرنے والے بنا سکتے ہیں ۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے بارے میں بہترین کتاب
اگر آپ یہ سمجھتے ہیں کہ آن لائن پروڈکٹ کی فروخت کسی اسٹور پر فروخت کے مقابلے میں بہت آسان ہے ،جہاں گاہک کو قائل کرنے کے لیے بہت شائستہ لہجہ رکھنا پڑتا ہےتو یہ تاثرغلط ہے۔کیوں؟ اس کا جواب آپ کو گیری وینر چک اپنی کتاب’کرشنگ اِٹ‘ میں دیتے ہیں جو اپنے نام ہی سے اس بات کی جانب اشارہ کرتی ہے کہ سوشل میڈیا پر بھی آپ کو پرسنل برانڈ کو متاثر کن بنانے کی اشد ضرورت پڑتی ہے بلکہ اس میں کہیں زیادہ مہارت درکار ہوتی ہے کیونکہ آپ کے سامنے دنیا کے ذہین ترین صارفین کی کھڑکی کھلی ہے جنہیں آپ چکنی چپڑی باتوں سے اپنی جانب مائل نہیں کرسکتے۔ اس کتاب کا مطالعہ آپ کو کامیاب انٹرپرینیورز کے سوشل میڈیا کے دانش مندانہ استعمال کی داستانیں سناتا ہے،جن سے رہنمائی حاصل کرکے آپ کامیاب ہوسکتے ہیں۔
بہترین اسٹارٹ اَپ گائیڈ
نیا کاروبار شرو ع کر نے کے لیے یہ رہنما کتاب نا صرف ای کامرس پروفیشنلز کے لیے سود مند ہے بلکہ کوئی بھی خاتون اور مرد، جو اپنا کاروبار شروع کرنا چاہتے ہیں اور انہیں نہیں معلوم کہ کہاں سے آغاز کیا جائے،ان کے لیے یہ بہترین ہدایت نامہ ہے۔ہر چند یہ کتاب 600 سے زائد صفحات پر مبنی ہے لیکن پریشان ہونے کی قطعاً ضرورت نہیں۔ اس میں کئی چارٹس، انفوگرافس اوراستعمال میں سہل چیک لسٹ ہیں جو مطلوبہ ضرورت کے مطابق مواد تک آپ کو فوری رسائی دیتے ہیں۔
اس کتاب کے اندر موجود مفصّل اور کارآمد آؤٹ لائین کی بدولت ایک لاکھ سے زائد خواتین و حضرات انٹرپرینیورز بن چکے ہیں۔ یہ معلومات بہت قابلِ بھروسہ ہیں، جن کی معلومات و رہنمائی پرامریکا کی معروف نیشنل سائنس فاؤنڈیشن اور کئی امریکی یونیورسٹیاں انحصار کرتی ہیں۔ یہ کتاب حکمت عملیاں بنانے پر زور دیتی ہے، جن میں صارف پر توجہ،عام غلطیوں سے احتراز، جامع و مدون کاروبار سازی کی حکمت عملی،کلائنٹس کی ضروریات کے مطابق کاروبار کو متحرک کرنے اور طویل وکم مدت کے منافع جات کے حوالے سے کاروبار کی پیمانہ سازی شامل ہیں۔
سرچ انجن آپٹمائزیشن (ایس ای او) کیلئے بہترین کتاب
اگر آپ ای کامرس بزنس سائٹ بناتے ہیں توآپ اس وقت تک ٹاپ پوزیشن حاصل نہیں کرسکتے جب تک آپ کے ٹارگٹ لوگ اس ویب سائٹ کو نہیں دیکھتے۔ اس کے لیے آپ کو ٹاپ گوگل سرچ رزلٹس کی ضرورت پڑے گی۔ اور یہ سرچ انجن آپٹمائزیشن کی بنیادی باتوں کو سمجھے بنا ناممکن ہے۔ ایڈم کلارک کی تحریر کردہ کتاب ’ایس ای او 2021‘ آپ کو یہ ہنر سیکھنے میں معاونت دےگی کہ کیسےخاص ’کی ورڈز‘ منتخب کرنے ہیں؟
ایسی حکمت عملی کیسے بنائی جائے جو زیادہ سے زیادہ صارفین تک آپ کے روابط کو ممکن بنائے؟ گوگل جس طرح مسلسل تبدیلی کے عمل سے گزررہا ہے، اسی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ہر سال سرچ انجن آپٹمائزیشن پر سالانہ رپورٹ کی طرح ایس ای او کتاب شائع ہوتی ہے۔ ہر نئی تبدیلی سے ہم آہنگ ہونے کے لیےموبائل آپٹمائزڈ سائٹ بھی بنائیں جو فوری طور پر لوڈ بھی ہوسکے۔ اپنے صارفین سے رابطے بڑھانے کے لیے اسے شاندار راہ نما کتاب قرار دیا جاسکتا ہے۔