• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
۔۔۔فائل فوٹو
۔۔۔فائل فوٹو

کراچی گرم اور مرطوب موسم کی لپیٹ میں ہے، شام یا رات میں گرج چمک کے ساتھ معتدل شدت کی بارش کا امکان بھی ہے جبکہ 9 اگست کی شام یا رات سے کراچی سمیت سندھ میں تیز بارشوں کا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ایک بیان میں سردار سرفراز نے کہا کہ آج شام یا رات کو معتدل اور کہیں کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ 9 اگست کی شام یا رات سے موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کا مزید کہنا ہے کہ مون سون کے اس اسپیل میں 14 اگست تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے جبکہ 12 سے 13 اگست کے دوران بارش کی شدت زائد رہنے کی توقع ہے۔

دوسری جانب محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ مون سون ہوائیں سندھ میں مسلسل داخل ہو رہی ہیں، کل سے مون سون ہوائیں شدت اختیار کر سکتی ہیں، 9 سے 13 اگست کے دوران کراچی میں بارش کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ تھرپارکر، عمرکوٹ، بدین، جیکب آباد اور سندھ کے دیگر مقامات پر بارش ہو سکتی ہے، دادو، قمبر شہداد کوٹ، جامشورو کے اضلاع میں تیزسیلابی ریلے کا جبکہ کراچی، ٹھٹھہ، بدین، حیدرآباد اور دیگر شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

کراچی کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوسکتا ہے، شدید بارشوں سے حب، تھڈو ڈیم اور ندی نالوں میں دباؤ پیدا ہو سکتا ہے۔

محکمۂ موسمیات نے یہ بھی کہا کہ سمندر میں 10 سے 13 اگست شدید طغیانی کا امکان ہے، اس دوران ماہی گیر سمندر میں جاتے ہوئے احتیاط کریں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی، حیدرآباد سمیت مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔

بارش کی وجہ سے ٹھٹھہ، میرپورخاص، بدین، عمرکوٹ، ٹنڈو الہ یار اور چمبڑ سمیت مختلف شہروں کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع  ہو گیا۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کشمیر، پنجاب، سندھ، بالائی خیبرپختونخوا اور شمال مشرقی بلوچستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

قومی خبریں سے مزید