• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت میں بائیکاٹ مہم، ارجن نے کس غلطی کا اعتراف کیا؟

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

بھارت میں جاری بائیکاٹ مہم پر اداکار ارجن کپور نے بھی لب کشائی کرتے ہوئے ایک غلطی کا اعتراف کیا ہے۔ 

خیال رہے کہ نامور اداکار عامر خان جن کی فلمیں عموماً ریلیز ہوتے ہی فلم سازوں کو منافع میں پہنچا دیتی ہیں وہ 6 دن بعد بھی اچھا بزنس کرنے میں ناکام رہی ہے۔ 

عامر خان کی اس فلم کی ناکامی کی سب سے بڑی وجہ اس کے خلاف جاری بائیکاٹ مہم ہے۔

اسی مہم کے خلاف بات کرتے ہوئے اپنے تازہ انٹرویو کے دوران ارجن کپور کا کہنا تھا کہ بائیکاٹ کی مہم سے نبرد آزما ہونے کا سب سے اچھا طریقہ پوری فلم انڈسٹری کے متحد ہونے میں ہے۔ 

خیال رہے کہ بائیکاٹ مہم کے خلاف آواز اٹھانے پر اکشے کمار کے خلاف ٹرینڈ کا رخ موڑ دیا گیا جس کا اثر ان کی فلم رکشا بندھن پر بھی پڑا۔ 

اسی طرح ہریتک روشن کی جانب سے آواز اٹھانے پر ان کی نئی آنے والی فلم وکرم ویدھا پر بھی ناکامی کے خطرات منڈلانے لگے ہیں۔ 

تاہم اپنے انٹرویو کے دوران ان مہمات پر بات کرتے ہوئے ارجن کپور کا کہنا تھا کہ "میرا خیال ہے کہ خاموش رہ کر ہم نے غلطی کی جبکہ خاموش رہنا ہماری شرافت تھی لیکن لوگوں نے ہماری اس شرافت کا غلط فائدہ اٹھایا۔"

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میرا خیال ہے کہ ہم نے یہ سوچ کر بھی غلطی کی کہ ہمارا کام ہمارے لیے بولے گا، ہمیں ہمیشہ معمول کے مطابق کام نہیں کرنا چاہیے، میرا خیال ہے کہ ہم نے بہت برداشت کیا ہے اور اب لوگوں نے ان مہمات کو اپنی عادت بنالیا ہے۔ 

انہوں نے تجویز پیش کی کہ اب ہمیں مل کر اس کا سدباب کرنے کے لیے کچھ کرنا چاہیے کیونکہ لوگ جو ہمارے خلاف لکھتے ہیں اور ٹرینڈز بناتے ہیں وہ حقیقت سے بہت دور ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید