بنگلہ دیش کی وزیراعظم حسینہ واجد نے کہا ہے کہ روہنگیا مہاجرین کو واپس میانمار جانا چاہیے۔
یہ بات انہوں نے اقوام متحدہ کی سفیر برائے انسانی حقوق مشیل بیچلٹ سے کہی جو آج کل بنگلہ دیش کے دورے پر ہیں۔
یو این عہدیدار اتوار کو ڈھاکہ پہنچی اور میانمار کی سرحد کے قریب واقع ضلع میں موجود روہنگیا مہاجرین کے خیموں کا دورہ کیا۔
وزیراعظم بنگلہ دیش حسینہ واجد نے کہا کہ روہنگیا افراد میانمار کے شہری ہیں اور انہیں واپس میانمار میں بلایا جانا چاہیے۔
واضح رہے کہ روہنگیا مسلمانوں کو میانمار میں امتیازی سلوک کا سامنا ہے، انہیں شہریت نہیں دی جاتی اور وہ بنیادی حقوق سے بھی محروم ہیں۔
اگست 2017 میں 7 لاکھ روہنگیا مسلمان بنگلہ دیش پہنچے جب میانمار کی فوج نے ان کے خلاف ایک آپریشن شروع کیا۔
اس وقت بنگلہ دیش میں مقیم روہنگیا مہاجرین کی تعداد 10 لاکھ سے زائد ہے۔
رواں مہینے کے آغاز میں بنگلہ دیش نے چینی وزیر خارجہ کے دورے کے موقع پر روہنگیا مہاجرین کو واپس میانمار بھیجنے کے حوالے سے مدد طلب کی تھی۔