• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشہور گانے ’کنا یاری‘ کا گلوکار بے گھر ہو گیا

کولاج، اسکرین گریب/ سوشل میڈیا
کولاج، اسکرین گریب/ سوشل میڈیا 

کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے بلوچی گانے ’ کنا یاری‘ سے شہرت حاصل کرنے والے گلوکار عبدالوہاب بگٹی کا بلوچستان میں سیلاب کے نتیجے میں گھر بہہ گیا ہے۔

گزشتہ روز سے عبدالوہاب بگٹی سے متعلق یہ خبر زیرِ گردش ہے جس نے اُن کے مداحوں کو خوب رنجیدہ کیا ہو اہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل پوسٹس کے مطابق  گلوکار وہاب علی بگٹی حالیہ بارشوں کے سبب شدید متاثر ہوئے ہیں اور بلوچستان میں آنے والے سیلاب میں اُن کا کچی مٹی سے بنا گھر بھی بہہ گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل پوسٹس میں ’کنا یاری‘ گلوکار عبدالوہاب کو چند بچوں سمیت بے یار و مددگار کھڑے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بلوچستان کے علاقے نصیرآباد میں سیلابی صورتحال کے باعث  عبدالوہاب اپنے اہل خانہ کے ہمراہ کُھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر اب وائرل اِن پوسٹس کو دیکھ کر معروف شخصیات کی جانب سے عبدالوہاب کے لیے مدد کی اپیل اور اعلان کیا جا رہا ہے۔

موٹیویشنل اسپیکر منیبہ مزاری نے بھی اپنی ٹوئٹ میں عبدالوہاب کے حالات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

گلوکارہ حدیقہ کیانی نے بھی کمنٹ کرتے ہوئے وہاب علی بگٹی اور بلوچستان کو درپیش سیلابی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔

معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی نے اعلان کیا ہے کہ وہ عطیات جمع کر رہی ہیں اور جَلد ہی کوک اسٹوڈیو کے گلوکار وہاب علی بگٹی اور دیگر سیلاب زدگان کی مدد کے لیے بلوچستان پہنچنے والی ہیں۔

واضح رہے کہ کوک اسٹوڈیو سیزن 14 میں بلوچی گانا ‘کنا یاری’ 19 جنوری 2022ء کو ریلیز کیا گیا تھا جسے اب تک 30 ملین سے زائد بار سُنا اور دیکھا جاچکا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید