سابق صدر، پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ ملک میں ایک شخص کا دن بدن اقتدار کا نشہ اسے پاگل کر رہا ہے۔
بلاول ہاؤس کے ترجمان کے مطابق آصف علی زرداری نے سندھ کے وزراء سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے یہ بات کہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ شخص ہر روز ہماری فوج پر تنقید کر رہا ہے، فوج کے افسران اور سپاہی دہشت گردوں سے جنگ لڑ رہے ہیں اور اپنی جان کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔
آصف زرداری نے کہا کہ فوج، پولیس اور خاتون مجسٹریٹ کو یہ شخص دھمکیاں دیتا ہے اور کہتا ہے کہ مجھے گرفتار کر کے دکھاؤ۔
انہوں نے کہا کہ عدلیہ کو دیکھنا ہوگا کہ کیا یہ شخص قانون سے بالاتر ہے؟ یہ میرے، نواز شریف اور مریم بیٹی کے خلاف انتقامی کارروائیاں کر سکتا ہے۔
سابق صدر نے کہا کہ یہ شخص کیا خود ہر قانون کو روند سکتا ہے؟ اداروں اور حکومت کو اس کے خلاف اپنی رٹ قائم کرنی پڑے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ چاروں صوبوں میں بارشوں کے باعث ہنگامی صورتِ حال کا سامنا ہے، جہاں متاثرین کی نگاہیں ہماری طرف لگی ہوئی ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا یہ بھی کہنا ہے کہ سب کو سیاست چھوڑ کر صرف متاثرین کی طرف توجہ دینی چاہیے۔