• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مردان، پی ٹی آئی اور اے این پی کارکنوں میں خونین تصادم، تحصیل کونسلر سمیت 4ہلاک

مردان (نمائندہ جنگ) شہری علاقہ خان کوٹھے ہوتی میں تحریک انصاف اور اے این پی کے کارکنوں کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں تحصیل کونسلر سمیت 4افراد جاں بحق اور خاتون سمیت 12افراد زخمی ہوگئے ،زخمیوں میں دو کی حالت نازک بیان کی گئی ہے،چار افراد کو گرفتارکرلیاگیا،خون کی ہولی کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی پولیس کے مطابق تھانہ ہوتی کے علاقہ خان کوٹھے میں نماز عصر کے بعد پی ٹی آئی کا شمولیتی جلسے کے لئے تحریک انصاف کے تحصیل کونسلر مہمند خان کی قیادت میں جلوس جارہاتھا کہ راستے میں مخالف جماعت اے این پی کے کارکنوں کے ساتھ پارٹی جھنڈے کے تنازعے پر تکرار کے بعددونوں گروپوں کے درمیان فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں پی ٹی آئی کے کونسلر مہمند خان جبکہ اے این پی سے تعلق رکھنے والے اکرام ولد غنی ،قاسم ولد بختیار اورشاہ جہان عرف چمیارے موقع پر جان بحق ہوگئے زخمیوں جن میں بلا ل ،شاہ جہان ہوتی ،محمد اعظم ،مبصر ،داوؤد ،فخر عالم ، نادر، وصال ، میر باچا ، اسلام ،جاوید او رمسماۃ (ز) شامل ہیں کا تعلق دونوں پارٹیوں سے بتایاجارہاہے  ریسکیو کی امدادی ٹیموں نے جان بحق اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال پہنچادیاگیا دو زخمیوں فخر عالم اور نادر کو تشویش ناک حالت میں پشاور منتقل کردیاگیا جبکہ خاتون سمیت دوزخمیوں کو ایم ایم سی منتقل کردیاگیا واقعے کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پھیل گئی پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیااور آخری اطلاعات تک چار افراد کو حراست میں لے لیاگیا زخمیوں میں دو افراد کی حالت نازک بیان کی گئی ہے واقعے کے حوالے سے رات گئے تک درج نہیں کیاجاسکا۔ دریں اثناءپی ٹی آئی اور اے این پی کے کارکنوں کے درمیان فائرنگ کے واقعے کے بعد ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی واقعے کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پورے شہر میں پھیل گئی اور سینکڑوں کی تعداد میں شہری ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچ گئے ہسپتال میں کئی رقعت آمیزمناظر دیکھنے کو ملیں خواتین ڈھاریں مار مار کر روتی رہیں ۔
تازہ ترین