نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے سندھ میں نیشنل ہائی وے این فائیو پر بھی کئی مقامات پر سفر خطرناک قرار دے دیا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق نیشنل ہائی وے این 5 سندھ، کنڈیارو، مورو، سکرنڈ اور مٹیاری کے قریب ہٹری خطرے سے دوچار ہے جبکہ میانی فاریسٹ، چلگری، باڈیرو، سیکھت اور کھنڈو کے مقامات پر سیلاب کا خطرہ ہے۔
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ عوام کسی بھی قسم کے سفر سے گریز کریں۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق نیشنل ہائی وے این 5، ازاخیل، نوشہرہ کے درمیان، موٹروے ایم ون برہان تا پشاور سیلاب کے خطرے سے دوچار ہے۔
موٹروے پولیس کی عوام کو سیلاب کے خطرے کے پیش نظر متاثرہ قومی شاہراہوں پر سفر نہ کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہے۔
آئی جی موٹر ویز خالد محمود کی سیلاب کے پیش نظر قومی شاہراہوں پر افسران کو الرٹ اور چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
آئی جی خالد محمود موجودہ موسمی حالات کے پیش نظر عوام الناس موٹروے پولیس کی طرف سے جاری کردہ سفری ہدایات پر سختی سے عمل کریں، موٹروے پولیس مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کی ہر ممکن بروقت مدد کےلیے موجود ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موجودہ موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے قومی شاہراہوں پر محتاط ڈرائیونگ کریں اور سفر شروع کرنے سے پہلے موٹر وے پولیس ہیلپ لائن 130 سے معلومات حاصل کریں۔