وزیر اعظم شہباز شریف نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) پروگرام کی بحالی کو ملکی معیشت کے لیے مثبت پیشرفت قرار دیا ہے۔
ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی سے پاکستان کے معاشی طور پر دیوالیہ ہونے کا خطرہ ختم ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللّٰہ تعالی کا شکر ہے پاکستان مشکل معاشی امتحان سے سرخرو ہوکر نکلا ہے، آئی ایم ایف پروگرام ایک مرحلہ ہے لیکن پاکستان کی منزل معاشی خود انحصاری ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہاکہ آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی سے پاکستان میں معاشی استحکام آئے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ پروگرام کی بحالی کے لیے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتا ہوں۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ دعا ہے آئی ایم ایف کا یہ آخری پروگرام ہو، آئندہ پاکستان کو کبھی اس کی ضرورت نہ رہے۔
انہوں نے کہا کہ پرامید ہوں مسلم لیگ ن کی سابق حکومت کی طرح ایک بار پھر آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہیں گے۔