ایشیا کپ 2022 میں گروپ بی کے اہم میچ میں افغانستان نے بنگلہ دیش کو بھی شکست دے کر گروپ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرتے ہوئے سپر فور میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بھی بن گئی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے دیا گیا 128 رنز کا ہدف افغانستان نے صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور میں پورا کرلیا۔
افغان بلے باز نجیب اللّٰہ زادران نے اختتامی اوورز میں مجموعی طور پر چھ چھکے لگا کر ٹیم کو جلد فتح سے ہمکنار کیا۔
نجیب اللہ نے 17 گیندوں پر 43 جبکہ ابراہیم زادران نے 41 گیندوں پر 42 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلیں۔
بنگلہ دیش کی جانب سے 4 اوورز میں 13 رنز کے عوض ایک وکٹ لے کر کامیاب بولر رہے جبکہ مصدق حسین اور محمد سیف الدین کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
اس سے قبل پہلی اننگز میں افغانستان کے اسپنرز نے بنگلہ دیش کے بلے بازوں کو جکڑ لیا، جہاں ابتدائی 5 بنگلہ دیشی کھلاڑی متاثر کن کارکردگی نہیں دکھا سکے۔
مجیب الرحمان اور راشد خان کی گھومتی گیندوں کے سامنے شکیب الحسن، مشفق الرحیم، انعم الحق، محمد نعیم اور عفیف حسین جیسے تجربہ کار بلے باز بھی ریت کی دیوار ثابت ہوئے۔
محمود اللّٰہ کے 25 اور مہدی حسن کے 14 رنز کے ساتھ مصدق حسین کی 48 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کی بدولت بنگلہ دیشی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز ہی بناسکی۔
افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان اور راشد خان نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ٹاس:
شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے اس میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن کا کہنا تھا کہ وکٹ اچھی لگ رہی ہے، وہ اسکور بورڈ پر رنز سجانے کی کوشش کریں گے جو امید کے مطابق افغانستان کے لیے حاصل کرنا مشکل ہوگا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ افغانستان کے خلاف اچھی تیاری کی ہوئی ہے، حریف ٹیم بھی اچھا کھیل رہی ہے۔
افغانستان کے کپتان محمد نبی نے کہا کہ وکٹ فریش ہے، مٹی بھی فریش ہے۔ تاہم امید ہے کہ ہم انہیں کم سے کم ٹوٹل تک روک پائیں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جس طرح ٹیم نے گزشتہ میچ کھیلا ہے وہ بہترین تھا، ٹیم کے حوصلے بلند ہیں، اور آج ٹیم میں کوئی تبدیلی بھی نہیں کی گئی۔