چین کا ایک شہری مختلف چیزوں کو طبعیات کے اصولوں کے خلاف توازن میں رکھنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
مشرقی چین کے صوبے شین ڈونگ کے شہری وانگ ییکون غیر معمولی جذبے اور صبر کے حامل فنکار ہیں اور اس حوالے سے گھنٹوں ایسی چیزوں کو توازن کے ساتھ رکھنے اور جمانے کی کوشش کرتے رہتے ہیں جو عمومی طور پر ممکن نظر نہیں آتا۔
بنیادی طور پر الیکٹریشن کی تربیت کے حامل وانگ ییکون کا گھنٹوں ان کاموں پر لگانا روز کا مشغلہ ہے۔
کبھی وہ کانچ کی بوتلوں پر سائیکل کو متوازن طور پر کھڑی کردیتے ہیں تو کئی بڑے گیس سلنڈر کو لوہے کے فکسنگ پانے اور لیور پر بیلنس کیے کھڑے نظر آتے ہیں، جسے دیکھ کر لوگ حیرت زدہ رہ جاتے ہیں کہ یہ تو طبعیات کے توازن کے اصولوں کے خلاف ہے۔
تاہم اپنے اس شوق اور جذبے کی خاطر وہ بعض اوقات درجنوں شیشے کی بوتلیں تڑوا بیٹھتے ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے یہ دلچسپ لیکن مشکل کام 2017 میں بطور مشغلہ شروع کیا اور تین برس بعد انہیں سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔
بس پھر کیا تھا، اب آن لائن بالخصوص ٹک ٹاک پر ان کے فالوورز کی تعداد لاکھوں میں ہے۔ اپنے ان کارناموں کے حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ زندگی کو بیلنس کرنا ایک آرٹ ہے، جو کہ کبھی سنجیدہ اور کبھی پرمزاح ہوتا ہے۔
وہ اپنی اس صلاحیت پر مبنی تیکنیک کو روزانہ شیئر کرتے ہیں تاکہ ہر ایک اس جادوئی تجربے کو آزما سکے۔