اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں کہ گھر چھوٹا ہو یا بڑا، اسے محفوظ ہونا چاہئے، اسی لیے اگر آپ اپنے گھر کی تعمیر یا تزئین و آرائش کے منصوبے میں وقت اور رقم خرچ کررہے ہیں تو اس کی حفاظت کے لئے ہر ممکن کوشش کرنا چاہئے۔ اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے، جب گھر کی حفاظت کی بات ہو گی تو پلاٹ پر آپ کے گھر کی پوزیشن سے لے کر جدید ترین اسمارٹ سیکیورٹی سسٹم کو شامل کرنے تک ،بہت کچھ آپ کے سامنے آچکا ہوگا۔ آئیں ، جانتے ہیں کہ کیا کچھ چیدہ چیدہ باتیں ہم سیکھ سکتے ہیں۔
مکان کے مقام پر غور
اگر آپ خود گھربنانےکا منصوبہ رکھتے ہیں تو ، سیکیورٹی اس کا لازمی پہلو ہوگا۔ آپ کے معمار یا ٹھیکیدار کواس علاقے کی صورتحال کو شناخت کرنے کے قابل ہونا چاہئے۔ بنیادی طور پر وہ مقامات جہاں نقب زنی کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔ چوری ، ڈکیتی اور نقب زنی کے خطرے کو دور کرنے کیلئے آپ کو پائیدار حل نکالنا ہوگا۔ اس کیلئے آپ اپنے پلاٹ یا گھر کے باہر کھڑے ہوکریا چاروں طرف گھوم کر ایک چور کی نظر سے طائرانہ نظرڈالیں کہ کیا آپ گھر کے عقب سے بآسانی داخل ہو سکتے ہیں یا عمارت میں ایسی جگہیں ہیں جہاں کوئی بھی آسانی سے چھپ سکے اور گھنٹوں نظر نہ آئے۔
حدود کو محفوظ کرنا
اپنے پلاٹ کے چاروں طرف ایک محفوظ دیوار تعمیر کرنے سے نہ صرف نقب زنی سے بلکہ اس پر قبضہ کرنے والوں سے بھی آپ کو تحفظ حاصل ہوگا۔ آپ اپنی پراپرٹی کی حدود پرکم سے کم 1 میٹر اونچائی والی دیوار کی تعمیر یا باڑ ھ لگاسکتے ہیں۔ اگر دیواروں کی اونچائی زیادہ ہوتو یہ اور بھی اچھی بات ہے۔
بیرونی روشنی
اگرچہ بیرونی سکیورٹی لائٹنگ لگانے کی بات آتی ہے تو موشن ڈیٹیکٹر فلڈ لائٹس بہتر رہتی ہیں، جن کی وجہ سے ہر ذی روح کی آمدو رفت کا پتہ چل جاتاہے۔ دوسری بات یہ کہ آپ کے گھر کی بیرونی دیواروں سے لگے ہوئے فلڈ لائٹس پر نظر نہیں ٹک پاتی۔
لینڈ اسکیپنگ
جب گھر کے صحن یا سخت زمین کی تزئین کی بات ہو تواس پر بجری ڈال دیں یا لکڑی کے تختے اس پر بچھا دیں ، کیونکہ اس قسم کے مٹیریل پر چلنے سے آواز پیدا ہوتی ہے۔ اس لئے کسی بھی اجنبی کی آمد کا آپ کو فوراََ پتہ چل جائے گا۔ اس کے علاوہ آپ اپنے گھر کے اطراف کانٹوں والی جھاڑیاں یا پودے اگا سکتے ہیں، جن کے پاس سے گزرنا کسی بھی موقع کے متلاشی کیلئے مشکل ثابت ہوگا۔
داخلی راستے کے لیے آؤٹ پر غور کریں
جب گھر کے کمروں کی تشکیل کی منصوبہ بندی کرنے کی بات آتی ہے تو سیکیورٹی کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ خیال رکھیں کہ آپ کے گھر کوئی بھی کمرہ براہ راست نہ کھلتا ہو، جس کے کھلے دروازے سے گھر کے اندر نظر پڑتی ہو۔ یا اس کا دروازہ یا تالا توڑ کر کوئی بھی اندر کارروائی کرسکے۔ اس کے علاوہ ایک کمرے سے دوسرے کمرے تک اتنی قدرتی یا مصنوعی روشنی ہونی چاہئے کہ کسی کی آمدورفت آنکھ سے اوجھل نہ رہے۔ اسی طرح گھر کے عقبی حصے یا عقبی باغ کے راستے کو بھی محفوظ بنایا جائے۔
انٹری پوائنٹس پر توجہ
یہ ایک حیرت انگیز حقیقت ہے کہ زیادہ تر نقب زن دروازے کے ذریعے گھر تک رسائی حاصل کرتے ہیں ، یا تو تالے توڑ کر یا دروازے کو زوردار لات مار کر۔ لہٰذا، اس بات کو یقینی بنانا ضروری ہے کہ آپ کے گھر کے دروازے اور تالے انتہائی مضبوط ہوں۔
اسمارٹ سیکیورٹی حل
آپ کے اسمارٹ فون کی اسکرین پر کچھ سوائپس کے ذریعے آپشنز دستیاب ہیں۔ آپ کی بنیادی اسٹارٹر کٹ میں کیمرے ، ایک الارم ، دروازے کے تالے اور موشن ڈٹیکٹر کا امتزاج ملے گا۔ سیٹ اپ میں ایسے سینسر بھی شامل ہونے چاہئیں کہ جب اس کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ کرے یا کھولنے کی کوشش کرےتو اس کا پتہ چل جائے۔
آج کا جدید سسٹم ایک جدید ترین ویڈیو سسٹم کے ساتھ آیا ہے جو آپ کو اپنے گھر کے بیرونی حصے کی ریئل ٹائم فوٹیج دیکھنے کے ساتھ ساتھ آپ کو اپنے اسمارٹ فون کے ذریعہ گھر میں قابل اعتماد مہمانوں کو گھر میں داخلے کی اجازت دیتا ہے۔
کچھ مصنوعات کو آپ کے روزمرہ معمولات کو سیکھنے کے لئےبھی استعمال کیا جاسکتا ہے، لہٰذا جب آپ گھر سے باہر یا چھٹی کے دن گھر پر نہیں ہوتے تو لائٹنگ اور میوزک استعمال کرکے گھر میں کسی کی نقل و حرکت کا تاثر پیش کرسکتے ہیں، تاکہ یہ ظاہر ہو کہ کوئی شخص اندر ہے اور گھرخالی نہیں ہے۔
ہنگامی منصوبہ
گھر کے کچن میں گیس پائپ لائن یا الیکٹرک وائرنگ ایسی محفوظ کروائی جائے جس سےآگ لگنے کے واقعات صفر ہوجائیں۔ اسی طرح غیر معیاری وائرنگ اور وائرنگ میں استعمال کئے جانے والے غیر معیاری تار اور آلات بھی شارٹ سرکٹ کا باعث بنتے ہیں اور آگ لگنے کے واقعات میں اضافہ کرتے ہیں۔
اس لیے ہنگامی حالات میں اخراج (Emergency Exit) کے راستے باقاعدہ رہنمائی کے ساتھ مع تصاویر موجودہوں۔ مزید برآں، آگ بجھانے کے آلات باقاعدہ کام کررہے ہوں اور ان کی موزوں دیکھ بھال بھی کی جارہی ہو۔