• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: استنبول سے آنیوالی فیملی کو لوٹنے والے 2 ڈاکو مقابلے میں ہلاک

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

کراچی کے راشد منہاس روڈ کے قریب پولیس مقابلے میں 2 ملزمان ہلاک ہو گئے، ملزمان نے استنبول سے آنے والی فیملی کو لوٹا تھا۔

پولیس کے مطابق متاثرہ فیملی نے 15 پر واردات کی اطلاع دی، جس کے بعد نیپا پل پر پولیس کا ملزمان سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

پولیس نے بتایا ہے کہ گلشنِ جمال کے قریب ہونے والے مقابلے میں 2 ملزمان ہلاک ہو گئے جبکہ 1 کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، ملزمان کے 2 ساتھی زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

متاثرہ شہری نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو میں بتایا کہ استنبول سے واپسی پر فیملی کے ہمراہ ایئر پورٹ سے نکلے تھے کہ محکمۂ موسمیات کے قریب گاڑی سوار ڈاکوؤں نے رانگ سائیڈ سے ہماری گاڑی کو روکا۔

انہوں نے بتایا کہ گاڑی سے اترتے ہی ڈاکوؤں نے ہمیں مارنا شروع کر دیا، ملزمان ہم سے موبائل فون، 800 ڈالرز اور دیگر اشیاء لوٹ کر لے گئے، ایک موبائل رہ گیا تھا جس پر ہم نے 15 پر پولیس کو اطلاع دی۔

مذکورہ شہری کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایس ایچ او عزیز بھٹی عدیل افضل نے بہت بہادری سے ڈاکوؤں کا مقابلہ کیا، ہمیں اپنی پولیس کی بہادری پر فخر ہے۔

قومی خبریں سے مزید