قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن خطرے سے دوچار ہو گئی۔
بابر اعظم کی ایشیا کپ میں لمبی اننگز نہ ہونے کی وجہ سے رینکنگ میں تبدیلی متوقع ہے، وہ ایک ہزار سے زائد دنوں سے پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں۔
کپتان بابر اعظم نے ایشیا کپ میں اب تک تین میچز میں 10، 9 اور 14 رنز بنائے ہیں، ان کی پوزیشن کو محمد رضوان اور بھارت کے سوریا کمار یادیو سے خطرہ ہے۔
آئی سی سی رینکنگ میں بابر اعظم کے 810، محمد رضوان کے 796 جبکہ سوریا کمار یادیو کے 792 رینکنگ پوائنٹس ہیں۔
محمد رضوان اب تک ایشیا کپ کے 192 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر ہیں جبکہ سوریا کمار یادیو نے ہانگ کانگ کے خلاف 26 گیندوں پر ناقابل شکست 68 رنز بنائے تھے۔
نمبر ون پوزیشن کے لیے بابر اعظم، محمد رضوان اور سوریا کمار یادیو کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی کی نئی رینکنگ کا اعلان کل کیا جائے گا۔