• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

SCO اجلاس اگلے ہفتے ازبکستان میں، پاک بھارت وزرائے اعظم شریک ہونگے

اسلام آباد(فاروق اقدس/ جائزہ رپورٹ) شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس آئندہ ہفتے 16,15 ستمبر کو ازبکستان کے شہر ثمرقند میں ہو رہا ہے جس میں روس اور چین سمیت رکن ممالک کے صدور شرکت کر رہے ہیں جن میں پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم بھی شامل ہیں۔ عالمی تنازعات میں گھرے ہوئے ماحول میں ہونے والی یہ کانفرنس کئی حوالوں سے غیرمعمولی اہمیت کی حامل قرار دی جارہی ہے جس میں روسی صدر ولادیمر پیوٹن اور ان کے چینی ہم منصب شی جن پنگ کے درمیان ہونے والی ملاقات جس کی دونوں ممالک کی جانب سے تصدیق ہوچکی ہے اس حوالے سے اہم ہے کہ یوکرین کی صورتحال کے بعد دونوں سربراہان کی یہ پہلی ملاقات ہے اور چینی صدر جو طویل تعطل کے بعد کسی غیرملکی مصروفیت میں شرکت کر رہے ہیں اس کیلئے انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کو ترجیح دی ہے۔ واضح رہے کہ بیجنگ اور ماسکو نے مغربی قیادت کی مذمت اور پابندیوں کے باوجود اقتصادی تعاون کو مزید بڑھایا ہے جس تناظر میں دونوں راہنمائوں کی اس ملاقات کو بڑھتے ہوئے تعلقات میں ہم آہنگی کا اشارہ قرار دیا جارہا ہے۔ یہ بات بھی اہم ہے کہ رواں ہفتے ہی روس کی سرکاری توانائی کمپنی نے کہا ہے کہ اس نے چین کیساتھ گیس کی ادائیگیوں کو امریکی ڈالر کی بجائے یوان اور روبل (چینی اور روسی کرنسی) میں طے کرنے کے ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں جو ماسکو کی جانب سے ڈالر کے نظام پر انحصار کو کم کرنے کیلئے کئے جانے والے دبائو کا ایک حصہ ہے۔
اہم خبریں سے مزید