• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترک صدر اردوان نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پھر مسئلہ کشمیر اٹھا دیا

ترک صدر رجب طیب اردوان اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا
ترک صدر رجب طیب اردوان اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایک بار پھر مسئلہ کشمیر کو اٹھایا ہے اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان تاحال امن قائم نہیں ہو سکا ہے۔

بھارتی ویب سائٹ انڈیا ٹوڈے کے مطابق گزشتہ روز اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں عالمی رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ بھارت اور پاکستان نے اپنی خود مختاری اور آزادی کے 75 سال مکمل ہونے کے باوجود اب تک ایک دوسرے کے درمیان امن اور یک جہتی قائم نہیں کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بڑی بدقسمتی کی بات ہے، ہم امید اور دعا کرتے ہیں کہ کشمیر میں منصفانہ فضا، مستقل امن اور خوش حالی قائم ہو۔

ترک صدر نے عالمی برادری پر اس بات پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان میں سیلاب زدگان کی مدد کرے۔

بھارتی ویب سائٹ کے مطابق ترک صدر اردوان کا یہ تبصرہ جمعے کے روز ازبک شہر سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی سے ملاقات کے تقریباً 1 ہفتہ بعد سامنے آیا ہے۔

بھارتی ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب ترک صدر رجب طیب اردوان نے کشمیر پر بات کی ہے، اس سے قبل 2020ء میں پاکستان کی پارلیمنٹ میں خطاب کے دوران انہوں نے کشمیری عوام کی جدوجہد کا موازنہ پہلی جنگ عظیم کے دوران غیر ملکی تسلط کے خلاف ترک عوام کی جدوجہد سے کیا تھا۔

ترک صدر کے اس تبصرے کے بعد بھارت کی جانب سے ان پر تنقید کی گئی تھی اور ان سے کہا گیا تھا کہ وہ بھارت کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کریں۔

واضح رہے کہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اس سے قبل بھی کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کے لیے اور ان پر بھارتی ظلم و ستم کے خلاف اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں آواز اٹھاتے رہے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید