• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت نے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے، بلاول بھٹو

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ بھارت نے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے، مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریتی علاقے کو اقلیت میں تبدیل کیا جا رہا ہے، دنیا ہندو بالا دستی والے بھارت کی حکومت کو اسلام مخالف ایجنڈے پر ذمے دار ٹھہرائے۔

 اقوام متحدہ میں اقلیتوں کے حقوق پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سے اسلاموفوبیا کی روک تھام پر ڈائیلاگ کے لیے فوری طور پر عالمی کانفرنس بلانے کا مطالبہ کیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ موجودہ دور میں اسلام مخالف زہر آلود ٹرینڈ پھیلا ہوا ہے، بد قسمتی سے بھارت ایک ایسی ریاست ہے جہاں اقلیتوں کے حقوق کو دبایا جا رہا ہے، اس ریاست میں نفرت کے شعلوں کو ہوا دی جا رہی ہے، ایک ریاست میں اقلیتیوں پر ظلم و جبر کیا جا رہا ہے جو ریاست کی پالیسی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کبھی سیکولر ملک تھا اب ہندو بالا دستی والا ملک بن رہا ہے، بھارت میں آر ایس ایس ہندوتوا نظریے کو فروغ دیا جا رہا ہے، بھارت میں آر ایس ایس کے نفرت انگیز ہندوتوا نظریے نے وہاں کی 20 کروڑ مسلمان اقلیت کے خلاف تشدد کو ہوا دی ہے، بھارت میں گائے کے معاملے پر ہجوم کے ذریعے مسلمانوں کا قتل کیا جاتا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ پاکستان کی اولین ترجیح ہے، بھارت میں اقلیتیں محفوظ نہیں ہیں، نئی دلی میں سال 2020، گجرات میں 2002 میں مسلمانوں کے گھروں اور دکانوں کو آگ لگائی گئی، نئی دلی اور گجرات میں سرکاری سرپرستی میں مسلمانوں کے گھر اور دکانوں کو جلایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر کسی کو مذہبی آزادی حاصل ہے، ہم بخوبی آگاہ ہیں کہ پاکستان آج کہاں ہے اور کہاں ہونا چاہیے، پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے تمام تر اقدامات کر رہا ہے، پاکستان ہر سال 11 اگست کو اقلیتوں کے تحفظ کا دن مناتا ہے، اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ پاکستان کے انسانی حقوق کے تحفظ کا بنیادی نکتہ ہے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ کرتارپور کوریڈور بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے ہمارے اقدامات کا عکاس ہے، سیکرٹری جنرل یو این نے درست کہا  کرتارپور کوریڈور امید کی راہداری ہے۔

قومی خبریں سے مزید