اسکارف پہننے سے انکار پر ایرانی صدر نے امریکی صحافی سے انٹرویو منسوخ کر دیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق ایرانی صدر کی ٹیم نے اینکر کرسٹیانا امانپور سے انٹرویو سے چند منٹ پہلے اسکارف کی شرط رکھی، جس پر کرسٹیانا امانپور نے اسکارف پہننے کی شرط ماننے سے انکار کردیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر نیو یارک میں ایرانی صدر سے انٹرویو پہلے سے طے تھا۔
کرسٹیانا امانپور کا کہنا تھا کہ ایران میں رپورٹنگ کرتے وقت مقامی قوانین و رواج کے مطابق اسکارف لیتی ہوں۔ نیو یاک میں انٹرویو کیلئے اسکارف پہننےکا کوئی قانون نہیں ہے۔ ایران سے باہر کہیں بھی مجھ سے کبھی کسی ایرانی صدر نے اسکارف کی شرط نہیں رکھی۔
کرسٹیانا امانپور کے مطابق 1995 سے اب تک میں ہر ایرانی صدر کا انٹرویو کرچکی ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے اسکارف کی درخواست اپنے، اپنے ادارے اور دنیا بھر کی خواتین صحافیوں کیلئے مسترد کی کیونکہ یہ لازمی نہیں ہے۔ صدر رئیسی کے معاون نے محرم اور صفر کے مقدس مہینوں اور ایران میں جاری ملک گیر احتجاج کا حوالہ دیا۔
کرسٹیانا امانپور نے کہا کہ مجھےانٹرویو میں مہسا امینی کی موت، ایٹمی معاہدے اور یوکرین جنگ میں روس کی حمایت پر صدر رئیسی سے سوالات کرنا تھے۔ خاتون صحافی سے اسکارف کی شرط کے معاملے پر امریکی میڈیا رپورٹ میں ایران کا مؤقف پیش نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ کرسٹیانا امانپور جن کے والد ایرانی تھے اور وہ تہران میں پلی بڑھی اور روانی سے فارسی بولتی ہیں۔