• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شبینہ گل انصاری

ازمنۂ قدیم ہی سےکھانے پکانے، علاج معالجے اور حسین نظر آنے کے لیے بزرگوں کے آزمودہ ٹوٹکوں سے استفادہ کیا جارہا ہے۔ ذیل میں کھانے پکانے سے متعلق چند مفید ٹوٹکے درج کیے جارہے ہیں، جو بوقتِ ضرورت استعمال کیے جاسکتے ہیں۔

٭اکثر روٹی پکاتے ہوئے جل جاتی ہے، لہٰذا جب روٹی توے پر پلٹیں، تو پہلے وہ حصّہ سینکیں، جو اوپر ہے، بعد میں جو حصّہ آپ نے پلٹا ہے، اُسےسینک لیں۔

٭ اگرچکن/بیف یا مٹن کا سالن، قورما،سبزی یا نہاری وغیرہ بنانے کے بعدآخر میں تھوڑا سا تیل گرم کرکے اس میں ایک دو چٹکی لال مرچ پاؤڈر ڈال کر فوراً بگھار لگا دیں،تو سالن خوش رنگ رہے گا۔ بس، اس بات کاخیال رکھیں کہ لال مرچ پاؤڈر جلنے نہ پائے۔

٭بریانی بنانے کے لیے جب چاول اُبلنے کے لیے رکھیں، تو اس میں ایک عدد لیموں نچوڑ کر ڈال دیں۔ چاول کھلے کھلے رہیں گے۔ عام طور پر بریانی میں دَم دینے سے قبل زرد رنگ پانی میں گھول کر چِھڑک دیتے ہیں، لیکن اگر ایک پیالی میں ایک لیموں کا رَس نکال کر اس میں حسبِ منشاء زردہ رنگ شامل کرکے پلس(+) کی شکل میں چِھڑکیں، تو بریانی کا ذائقہ دوبالا ہوجائے گا۔

٭آٹا گوندھتے ہوئے اگر اس میں تھوڑا سا دودھ ڈال لیا جائے، تو روٹی نرم رہتی ہے۔

٭بھنڈی ایک دِن پہلے کاٹ کر فریزر میں رکھ دیں۔ اگلے دِن مسالا بھون کر فریزر سے بھنڈی نکال کر فوراً پتیلی میں ڈال دیں۔ اس طرح بھنڈی جلد گل جائے گی اور خوش رنگ بھی رہے گی۔

٭بیسن کی روٹی بناتے ہوئے ایک ٹماٹر چوپ کرکے ڈالنے سے بیسن کی روٹی بہت مزے دار بنتی ہے۔

سنڈے میگزین سے مزید