• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لانگ مارچ سے متعلق عمران خان نے پارٹی ذمہ داران کو اہداف دے دیے

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے لانگ مارچ سے متعلق پارٹی ذمہ داران کو اہداف سونپ دیے۔

حکومت کے خلاف لانگ مارچ کے معاملے پر عمران خان کی زیر صدارت مرکزی قائدین کا مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں سیاسی صورتحال، مجرموں کو ملنے والے این آر او پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پی ٹی آئی اعلامیے کے مطابق اجلاس میں تازہ ترین آڈیو لیکس سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اسلام آباد لانگ مارچ کی تیاریوں کے متعلق جامع حکمت عملی پر مشاورت کی گئی، حکومت کی جانب سے تشدد کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔

تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ کی تاریخ کے اعلان کے بعد بیک وقت حکمتِ عملی کو حتمی شکل دینے کا فیصلہ کیا گیا، حتمی تاریخ کے اعلان سے پہلے اسلام آباد اور گرد و نواح کے اضلاع کی تنظیموں کو تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

عمران خان پشاور ریجن اور فیصل آباد ڈویژنز میں ورکرز کنونشن سےخطاب کریں گے، عمران خان کی جانب سے ذمہ داران کو اہداف سونپ دیے گئے۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اشرافیہ اور عوام کے لیے الگ الگ قانون ملک کو تباہی کی دلدل میں دھکیل رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قانون کی حکمرانی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے، این آر اوز قانون کی حکمرانی کے لیے زہرِ قاتل ہیں، این آر اوز قوم پر مسلط بحرانوں کا حقیقی سبب ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ کرپٹ اور مجرم گروہ کے خلاف فیصلہ کن تحریک کا مرحلہ آن پہنچا ہے، بھرپور عوامی تائید و شرکت پاکستان کو غلامی و محکومی سے آزاد کروانے کے لیے لازم ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بد ترین مہنگائی، معاشی بربادی سے نجات کے لیے عوام میدان عمل میں نکلنے کی تیاری کریں۔

انہوں نے کہا کہ چوروں کے شکنجے سے نجات کے لیےعوام میدانِ عمل میں نکلنے کی تیاری کریں، جلد لانگ مارچ کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کروں گا۔

قومی خبریں سے مزید