• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پانچ فیصد تک کمی کرتے ہوئے آئندہ پندرو روز کیلئے پیٹرول کی قیمت 237.43روپے سے کم کرکے 224.80پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی 274.43روپے سے کم کرکے 235.30روپے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت202.02روپے سے کم کرکے 191.83روپے کر دی ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار کے مطابق حکومت نے پٹرول ،ڈیزل ،مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل پر کوئی سیلز ٹیکس نہیں لگایا۔ اس وقت پٹرول، ہائی اسپیڈ ڈیزل، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل سمیت تمام اہم پیٹرولیم مصنوعات پر جنرل سیلز ٹیکس(جی ایس ٹی) عام شرح 17فیصد کے مقابلے میں صفر ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرنے سے پہلے حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے سے پاکستان میں سیلاب کی صورت حال کے تناظر میں مشاورت کرکے پٹرولیم مصنوعات کی نرخوں میں مناسب کمی کی اجازت لی۔ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے تحت حکومت کو رواں مالی سال کے دوران 855ارب روپے جمع کرنے کیلئے پٹرولیم مصنوعات پر پٹرولیم لیوی کو بتدریج زیادہ سے زیادہ 50روپے فی لٹر تک بڑھانا ہے۔ اس وقت حکومت ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 12.58روپے فی لٹر لیوی، مٹی کے تیل پر 15 روپے فی لٹر، ایل ڈی او پر 10روپے اور ہائی اوکٹین ملاوٹ والے اجزا پر 30روپے فی لٹر وصول کر رہی ہے۔ سابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنی سیاسی ساکھ بچانے کیلئےبدعہدی کرتے ہوئے نہ صرف پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10روپے فی لٹر کمی کی بلکہ انہیں آئندہ 4ماہ کیلئے منجمد بھی کر دیا تھا۔ جس کے مابعد اثرات ملک و قوم کو بھگتنا پڑے۔ دریں اثناء آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے بھی ایل پی جی کی قیمت میں 4.9فیصد کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، یہ قیمتیں 15 اکتوبر تک برقرار رہیں گی۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998

تازہ ترین