• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
فوٹو—سر ویوین رچرڈز
فوٹو—سر ویوین رچرڈز

دنیائے کرکٹ کے عظیم بیٹر سر ویوین رچرڈز قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے فین ہیں۔

ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان ویوین رچرڈز ان دنوں لاہور میں موجود ہیں، وہ پاکستان جونیئر لیگ میں گوادر شارکس کے مینٹور ہیں۔

ویوین رچرڈز نے ’جیو نیوز‘ سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ میں بابر اعظم کا ہمیشہ فین رہا ہوں، بابر اعظم کے بہت زیادہ ٹیکنیکل ہونے پر لوگ تنقید کرتے ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ بابر اعظم رضوان یا دوسروں کی طرح بھڑکیلا اور جوش والا بیٹر نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بابر اعظم خاموشی سے سب کچھ حاصل کرنے والے بیٹسمین ہیں اور یہ انہوں نے ثابت کیا ہے۔

ویوین رچرڈز کو پاکستان ٹیم کے انگلینڈ سے ہارنے پر مایوسی ہوئی ہے اور کہتے ہیں کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو ابھی تھوڑا کام کرنا ہے، ہوم سیریز ہارنے کے بعد ٹیم کے اعتماد میں کمی آئی ہے، لاہور میں انگلینڈ سے ہارنے پر مجھے بہت مایوسی ہوئی تھی، انگلینڈ نے یہاں شاندار کرکٹ کھیلی، میرے خیال میں انگلینڈ کو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مڈل آرڈر کو چانس نہیں مل رہا، بابر اور رضوان اوپر بہت اچھا کھیل رہے ہیں، بابر کو مڈل آرڈر پر کام کرنا ہے، تاکہ اگر وہ جلد آؤٹ ہو جائیں تو مڈل آرڈر کو صورتS حال سنبھالنی آنی چاہیے۔

ویوین رچرڈز کو یقین ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا میں فارم حاصل کرے گی، پاکستان ایک باصلاحیت ٹیم ہے۔

ویسٹ انڈیز کے بارے انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم اس وقت جہاں ہے اس پر مجھے افسوس ہے، اس نے مین راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرنا ہے، ویسٹ انڈیز ایک اچھی سائیڈ ہے، یہ ایک بار کوالیفائی کر گئی تو پھر یہ ایک بڑی قوت ثابت ہو گی۔

پاکستان جونیئر لیگ کے انعقاد کو ویوین رچرڈز نے خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ پی سی بی نے دنیا بھر کے نوجوانوں کو پاکستان جونیئر لیگ شروع کر کے ایک پلیٹ فارم مہیا کیا ہے۔

گوادر شارکس کے مینٹور کا مزید کہنا ہے کہ اس پلیٹ فارم پر نوجوان اپنی مہارت کا مظاہرہ کر سکتے ہیں کیونکہ اس پلیٹ فارم پر پرفارم کر کے انہیں مستقبل میں بڑے مواقع ملیں گے، یہ بات ماننی ہو گی کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا مستقبل ہے اور مستقبل کے لیے کرکٹرز کو تیار کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں نے یہ ہمیشہ کہا ہے کہ پاکستان کو ہمیشہ بہت اچھا ٹیلنٹ ملتا ہے اور اب یہاں بہت ٹیلنٹ نظر آیا ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید