اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے ایوان میں وعدے کے مطابق ٹی وی سے براہ راست ان کی تقریر ٹیلی کاسٹ نہ کرنے پر شدید احتجاج کیا اور کہا کہ حکومت ہم سے دھوکہ کر رہی ہے اگر وزارت اطلاعات اور وزیر اطلاعات سپیکر کے فیصلے کو ہی نہیں مانتے تو اس سے بڑی توہین آمیز بات کوئی نہیں ہوسکتی۔ جس پر ڈپٹی سپیکر نے ریاض پیزادہ سے کہا کہ وہ اس بات کا جواب دیں وفاقی وزیر سید ریاض پیرزادہ نے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید یہاں سے کہہ کر گئے ہیں کہ وہ تقریب ٹیلی کاسٹ کرنے کا بندوبست کرنے جا رہے ہیں مگر اس کے بعد مجھے کچھ پتہ نہیں کہ کیا ہوا۔ سید خورشید شاہ نے کہا کہ اس سے افسوسناک بات کوئی نہیں ہوسکتی کہ سپیکر سردار ایاز صادق نے یقین دلایا تھا کہ آپ کی تقریر براہ راست ٹیلی کاسٹ ہو رہی ہے۔