• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رانا ثناء کیس میں سپریم کورٹ سوموٹو لے: شہباز گِل

شہباز گِل—فائل فوٹو
شہباز گِل—فائل فوٹو

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی ) کے رہنما شہباز گِل کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ سے رانا ثناء اللّٰہ کیس میں سو موٹو لینے کی درخواست کرتا ہوں۔

وہ بغاوت پر اکسانے کے کیس میں اسلام آباد کچہری میں واقع ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

پی ٹی آئی رہنما راجہ خرم نواز اور اعظم سواتی بھی شہباز گِل کے ہمراہ عدالت پہنچے۔

شہباز گِل نے کہا کہ رانا ثناء اللّٰہ کیس میں پنجاب پولیس تھانوں کے چکر لگا رہی ہے، رانا ثناء اللّٰہ نے عدالتی سسٹم کو مفلوج کر دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ کیا رانا ثناء اللّٰہ کسی قانون کے پابند نہیں ہیں؟ کیا پولیس کسی کی ذاتی ملازم ہے؟

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد بھی عدلیہ کی توہین کر رہے ہیں، پولیس وارنٹ لے کر گھوم رہی ہے اور رانا ثناء اللّٰہ دندناتے پھر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے دو مختلف پاکستان دکھائی دے رہے ہیں، میں عام آدمی ہوں اس لیے کیس بھگت رہا ہوں، جبکہ رانا ثناء اللّٰہ نے اپنی پوزیشن کا ناجائز استعمال کیا ہے۔

شہباز گلِ کا کہنا ہے کہ رانا ثناء اللّٰہ نے مال بنایا، کرپشن کی اور دھوکا دیا، تھانہ کوہسار ان کے وارنٹِ گرفتاری کی تعمیل نہیں کروا رہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 10 دن میں میری 4 پیشیاں ہو چکی ہیں، مجھے ہتھکڑیاں لگا کر اسلام آباد کچہری لایا جاتا تھا۔

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی ) کے رہنما شہباز گِل کا یہ بھی کہنا ہے کہ عدالت کے معاملات عدالت میں ہی رہنے چاہئیں۔

قومی خبریں سے مزید