پیرس ( رضا چوہدری/نمائندہ جنگ ) فرانسیسی وزارت خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ ایران میں ان کے 5 شہریوں کو حراست میں لے رکھا ہے، منگل کے روز وزیر خارجہ کیتھرین کولونا نے کہا کہ پانچ فرانسیسی شہری اس وقت ایران میں زیر حراست ہیں، پیرس کی طرف سے تصدیق شدہ سابقہ تعداد میں ایک کا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے فرانسیسی میڈیا کو بتایا کہ "ایران میں قید اپنے تمام شہریوں کی رہائی کیلئے ایرانی وزیر خارجہ سے بات کروں گا ۔ اس سے قبل پیرس نے کہا تھا کہ ایران میں اس کے چار شہریوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ ان پانچ قیدیوں میں فرانسیسی-ایرانی محقق فریبا عادلخہ، مسافر بینجمن بریر، اساتذہ یونینسٹ سیسیل کوہلر اور جیک پیرس کے علاوہ پانچویں شخص جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ انہیں حالیہ مظاہروں کے دوران حراست میں لیا گیا تھا۔