جہلم (نامہ نگار)کمشنر راولپنڈی ڈویژن ثاقب منان نےگزشتہ روزضلع جہلم کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس کمیٹی روم میں ضلع جہلم میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں اس وقت سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 67 سکیموں پر کام ہو رہا ہے۔ جن پر 11317.805 ملین روپے لاگت آئے گی۔ اجلاس میں کمشنر کو جلالپور ایریگیشن کنال اور للہ تا جہلم ڈیول کیرج وے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت بارے بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کے اختتام پر کمشنر ثاقب منان نے ڈپٹی کمشنر آفس کے احاطہ میں شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔