انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022 آج سے آسٹریلیا میں شروع ہورہا ہے، پہلے مرحلے میں کوالیفائینگ راؤنڈ کھیلا جائے گا۔
ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کا نیا بادشاہ کون ہوگا؟ کون کرے گا چوکوں اور چھکوں کی برسات اور کس کی انگلیوں کے اشارے پر گیندیں گھومیں گی؟ کرکٹ کے مختصر ترین فارمیٹ کا سب سے بڑا اعزاز اپنے نام کرنے کے لیے 16 ٹیموں کے درمیان معرکہ آج سے آسٹریلیا میں شروع ہوگا۔
پہلے مرحلے میں دو گروپس میں تقسیم 8 ٹیمیں سپر 12 راؤنڈ میں جگہ بنانے کے لیے مقابلہ کریں گی جہاں 8 ٹیمیں اپنی رینکنگ کی بنیاد پر پہلے ہی موجود ہیں۔
پہلے راؤنڈ میں نمیبیا، نیدرلینڈز، سری لنکا اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) گروپ اے جبکہ آئرلینڈ، زمبابوے، ویسٹ انڈیز اور اسکاٹ لینڈ گروپ بی میں شامل ہیں۔
ایونٹ کے افتتاحی روز پہلا میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 9 بجے سری لنکا اور نمیبیا کے درمیان ہوگا جبکہ دن ایک بجے متحدہ عرب امارات اور نیدرلینڈز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
دوسری جانب ایونٹ کے آغاز سے قبل میلبرن میں آفیشل ٹرافی سیشن ہوا جس میں پاکستانی کپتان بابر اعظم سمیت تمام ٹیموں کے قائدین موجود تھے۔