• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ممنوعہ فنڈنگ کیس: عمران خان کی عبوری ضمانت منظور

عمران خان—فائل فوٹو
عمران خان—فائل فوٹو

اسلام آباد کے اسپیشل جج سینٹرل نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ایک لاکھ روپے کے مچلکوں پر 31 اکتوبر پر عبوری ضمانت منظور کر لی ہے۔ 

اسلام آباد کے اسپیشل جج سینٹرل راجہ آصف محمود نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے کی جانب سے عمران خان کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ کے تحت درج مقدمہ میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی۔

 عمران خان اپنے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے بتایا کہ عدالتی دائرہ اختیار کا معاملہ تاحال ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے۔ 

اسپیشل جج سینٹرل نے کہاابھی تو آپ ہائی کورٹ کے آرڈر پر آئے ہیں۔ جب تک عدالتی دائرہ اختیار کا معاملہ کلیئر نہیں ہوتا تو عبوری ضمانت دے دیتے ہیں۔


 عمران خان کے وکیل نے دو ہفتوں کے لیے عبوری ضمانت کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔ 

عمران خان کی ضمانت کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ایف آئی اے نے اختیار کا غلط استعمال کرتے ہوئے جلد بازی میں مقدمہ درج کیا۔

درخواست میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن رپورٹ کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا گیا جسے ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔ 

درخواست میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کی رپورٹ حقائق کے منافی اور متعصب ہے۔ عمران خان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے پیچھے سیاسی مخالفین کا ایجنڈا چھپا ہوا ہے، ایف آئی اے نے بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ کی تضحیک کے لیے مقدمہ درج کیا جو بدنیتی پر مبنی ہے۔ 

واضح رہے کہ ایف آئی اے نے عمران خان اور دیگر کے خلاف چھ اکتوبر کو مقدمہ درج کیا تھا۔


قومی خبریں سے مزید