جنوبی افریقہ کے سابق کرکٹر عمران طاہر اپنے بیٹے جبران طاہر کو لیگ اسپن بولنگ کے گر سکھانے لگے، عمران طاہر اپنی فیملی کے ہمراہ ان دنوں لاہور میں موجود ہیں، وہ پاکستان جونیئر لیگ کی ٹیم بہاولپور رائیلز کے مینٹور ہیں۔
جنوبی افریقہ کے سابق ٹیسٹ کرکٹر عمران طاہر ہر لمحہ نوجوان کرکٹرز کو ٹپس دیتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں لیکن اب انہوں نے اپنے بیٹے جبران طاہر کو بھی لیگ اسپن بولنگ کے گر سکھانا شروع کر دیے ہیں۔
عمران طاہر جب میچ کے لیے اسٹیڈیم آتے ہیں تو ان کی فیملی بھی پیٹرنز انکلوژر میں موجود ہوتی ہے، اس دوران عمران طاہر کو جب بھی وقت ملتا ہے تو وہ پیٹرنز انکلوژر میں آتے ہیں اور بیٹے کے ساتھ بولنگ کرتے ہیں اور جبران طاہر کو ٹپس دیتے ہیں۔
عمران طاہر کا کہنا ہے کہ جبران کو مجھے دیکھ کر کرکٹ کا شوق ہوا ہے، میں جہاں جاتا ہوں فیملی ساتھ ہوتی ہے، مجھے اسٹیڈیم میں ایکشن میں دیکھ کر جبران بھی اسی طرح کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹر بننے کے لیے جبران پر زبردستی نہیں کروں گا لیکن خواہش ہے کہ وہ کھیلوں سے منسلک رہے۔