پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ جمعرات یا جمعے کو لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کردوں گا، مجھے یقین ہے یہ الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہیں کریں گے۔
اسلام آباد میں سینیٹر اعظم سواتی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جرائم پیشہ لوگوں کو ایک سازش کے تحت ہم پر مسلط کیا گیا ہے، جب سے یہ آئے ہیں انہوں نے میری پارٹی کو کرش کرنے کی کوشش کی۔
عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کرنے والے کارکنوں پر ظلم کیا گیا، کراچی میں جو دھاندلی کی وہ سب کے سامنے ہے، کبھی سیاسی لوگوں پر ایسا ظلم نہیں دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ اعظم سواتی کے ساتھ ہر فورم پر جائیں گے، کون سا قانون اجازت دیتا ہے کہ ایک ٹوئٹ پر یوں تشدد کیا جائے، چاہتا ہوں چیف جسٹس ایف آئی اے کو بلائے اور پوچھے کس نے سواتی کو گرفتار کرکے ان کے حوالے کیا؟
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ایسے نا معلوم افراد ہیں جن کا نام لیتے ہوئے سب ڈرتے ہیں، یہ ملک کو فائدہ نہیں پہنچا رہے، یہ ملک کے دشمن ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ بیک ڈور چینل سے بات چیت ہوتی رہتی ہے، بیک ڈور مذاکرات سے کوئی نتیجہ نکلتا ہوا نہیں نظر آ رہا۔