روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن اور شمالی کوریا کے سپریم لیڈر کم جونگ ان نے چینی صدر شی جن پنگ کو کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے مزید 5 سال کے لیے جنرل سیکریٹری منتخب ہونے اور تیسری مدت کے لیے چین کے صدر کا عہدہ سنبھالے پر مبارک باد پیش کی ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق کریملن سے جاری کیے گئے بیان میں صدر پیوٹن نے کہا ہے کہ وہ چین سے تعمیری گفتگو جاری رکھنے پر خوش ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ وہ چین کے ساتھ قریبی مشترکہ کام جاری رکھنے پر بھی خوش ہوں گے۔
کریملن کا اس حوالے سے یہ بھی کہنا ہے کہ تعمیری بات چیت کا مقصد روس چین اسٹریٹیجک تعاون مضبوط بنانا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی نے یہ بھی بتایا ہے کہ شمالی کوریا کے سپریم لیڈر کم جونگ ان نے چینی صدر شی جن پنگ کو مبارک باد کا خط لکھا ہے۔
چین کے صدر شی جن پنگ کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے مزید 5 سال کے لیے جنرل سیکریٹری منتخب ہو گئے، وہ تیسری مدت کے لیے چین کے صدر کا عہدہ سنبھالیں گے۔
چینی میڈیا کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ تیسری مدت کے لیے قیادت سنبھالنے والے رہنما بن گئے۔
چینی میڈیا نے بتایا ہے کہ پارٹی ارکان کی بند کمرہ ووٹنگ میں شی جن پنگ کی تقرری ہوئی ہے۔
چینی میڈیا نے یہ بھی بتایا ہے کہ چین کی کمیونسٹ پارٹی کی قیادت میں 25 برس میں پہلی بار کوئی خاتون مکمل رکن نہیں ہوں گی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے جاری کیے گئے بیان کے ذریعے چینی صدر شی جن پنگ کو کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے تیسری مدت کے لیے جنرل سیکریٹری منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ صدر شی جن پنگ کا انتخاب چینی عوام کی خدمت کے لیے ان کی دانش مندانہ ذمے داری کو شاندار خراجِ تحسین ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ انتخاب چینی صدر شی جن پنگ کی مدبرانہ قیادت کا مظہر ہے، یہ انتخاب چین کے عوام کی پرخلوص خدمت کے غیر متزلزل جذبے کا عکاس ہے۔