• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر، رمضان المبارک کے دوران بھی اعلانیہ اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری

سکھر( بیورو رپورٹ) سکھر الیکٹرک پاور کمپنی ” سیپکو“ کی جانب سے رمضان المبارک میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہ کرنے ،سحر ، افطار اور تراویح کے دوران بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے حوالے سے کئے گئے تمام تر دعوے غیر موثر ثابت ہوئے، متعدد افسران نے وزارت پانی وبجلی اور سیپکو چیف کے احکامات کو نظر انداز کرتے ہوئے اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے ساتھ ساتھ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جس کے باعث رمضان المبارک میں لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، خاص طور پر شہر کی گنجان آبادی والے علاقوں شاہی بازار، لیاقت چوک، مینارہ روڈ، موچی بازار، نشتر روڈ، نمک بازار، میانی روڈ، ڈھک روڈ، اناج بازار، پان منڈی، الیکٹرونکس مارکیٹ ، میڈیسن مارکیٹ، باغ حیات علی شاہ، اسٹیشن روڈ سمیت دیگر علاقوں میں سب ڈویژن ٹو کے افسران من مانیوں میں مصروف ہیں، شہر کی گنجان آبادی پر مشتمل سب ڈویژن ٹو کے متعدد علاقوں میں سحر، افطار اور تراویح کے دوران لوڈشیڈنگ کے ساتھ ساتھ دن بھر شدید گرمی میں بجلی کی آنکھ مچولی اور کئی کئی گھنٹے بجلی بند کئے جانے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،ایوان صنعت و تجارت سکھر کے صدر عامر علی خان غوری، عرفان صمد، محمد دین، ملک یعقوب، اسرار بھٹی سمیت دیگر اراکین ایوان وتاجروں ، صنعت کاروں نے شہری علاقوں میں رمضان المبارک کے دوران بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور آنکھ مچلی کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سحر، افطار اور تراویح کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ، آنکھ مچولی جاری رہی جبکہ شہر کی گنجان آبادی والے علاقوں اور کاروباری مراکز میں بجلی کی اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے ساتھ ساتھ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بھی باقاعدگی سے کی جاری رہی ، وقفے وقفے سے کئی کئی گھنٹے بجلی بند کی جاتی رہی اور بجلی کی آنکھ مچولی انتہائی کم وولٹیج کا سلسلہ دن بھر جاری رہا جس کے باعث سخت گرمی میں لوگ پریشانی میں مبتلا رہے ،خاص طور پر گھروں میں موجود خواتین اور بچے ، ضعیف العمر افراد بہت زیادہ متاثر ہوئے،وفاقی حکومت اور وزارت پانی وبجلی نے واضح طور پر اعلان کیا تھا کہ رمضان المبارک میں سحر وافطار اور تراویح کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی۔ تجارتی، سیاسی، سماجی، مذہبی ، عوامی، شہری تمام حلقوں نے رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی بجلی کی لوڈشیڈنگ کی سخت مذمت کرتے ہوئے وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ آصف، وزیر مملکت پانی وبجلی عابد شیر علی سمیت دیگر بالا حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر میں رمضان المبارک کے دوران بجلی کی اعلانیہ ، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور حکومتی احکامات کو نظرانداز کرنے والے سیپکو افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ 
تازہ ترین