• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بلیو ٹک والے صارفین خبردار!

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کو خریدنے کے بعد ایلون مسک نے صارفین کے اکاؤنٹس کی ویریفکیشن کے لیے ہر ماہ 20 ڈالر لینے پر کام شروع کردیا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق ایلون مسک نے اپنے ٹوئٹر ملازمین کو کہا ہے کہ وہ جلد از جلد صارفین کے اکاؤنٹس کی پیڈ ویریفکیشن کے فیچر کی تیاری شروع کریں بصورت دیگر انہیں چھٹی پر بھیج دیا جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق ٹوئٹر ملازمین کو ہدایت دی گئی ہے کہ ٹوئٹر بلیو اور دیگر فیچر کے استعمال کیلئے صارفین سے پہلے مرحلے میں 5 ڈالر لیے جائیں گے جبکہ اس سے بڑی سبسکرپشن پر صارفین کو بلیو ٹک دیا جائے گا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق پہلے مرحلے میں ٹوئٹر اپنے صارفین سے بلیو ٹک سبسکرپشن کے لئے 20 ڈالر لینے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔

اس منصوبے کے تحت ٹوئٹر پر پہلے سے تصدیق شدہ صارفین کے پاس سبسکرپشن حاصل کرنے کیلئے 3 ماہ کا وقت ہوگا، سبسکرپشن نہ لینے پر ان کا بلیو ٹک ختم کردیا جائے گا۔

ٹوئٹر کے اس پراجیکٹ پر کام کرنے والے ملازمین کا کہنا ہے کہ انہیں یہ فیچر متعارف کروانے کیلئے 7 نومبر تک کا وقت دیا گیا ہے، کام مکمل نہ کرنے پر انہیں نوکری سے برخاست کردیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ٹوئٹر کو خریدنے کے بعد ایلون مسک نے کہا تھا کہ وہ اکاؤنٹس کی تصدیق کے عمل میں بہتری لائیں گے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید