• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یہ اسلام آباد میں مسلح ہونے کی بات کرتے ہیں، پی ٹی آئی دہشت گرد تنظیم ہے، فضل الرحمان

حکومتی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو فیس سیونگ نہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں پریس کانفرنس کے دوران مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یہ اسلام آباد میں مسلح ہونے کی بات کر رہے ہیں، پی ٹی آئی ایک دہشت گرد تنظیم ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران کا لانگ مارچ رانگ مارچ ہے، اگر مرضی کا آرمی چیف نہیں تو مارشل لاء لگانے کی بات کرتا ہے۔

پی ڈی ایم سربراہ نے مزید کہا کہ میں اپنی حکومت کو کہتا ہوں، کوئی مفاہمت نہیں ہوگی، کوئی فیس سیونگ نہیں دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ مکمل نہیں ہو پا رہا، بندوقوں کی باتیں کی جارہی ہیں، یہ لانگ مارچ نہیں رانگ اور آوارگی مارچ ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی کہا کہ اگر اداروں نے کہا کہ ہم سےغلطیاں ہوئیں تو ہمیں یقین کرنا چاہیے، پہلی مرتبہ ریاستی ادارے سامنے آئے، دراصل اس احتجاج میں ملکی اداروں کو خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتا تھا تم چوکیدار ہو، ہم تمہیں کس چیز کی تنخواہ دیتے ہیں؟ ہم پوچھتے ہیں تم ان کے پاؤں کیوں پڑتے ہو؟ ترلے کیوں کرتے ہو؟

پی ڈی ایم سربراہ نے یہ بھی کہا کہ اگر مرضی کا آرمی چیف نہیں تو مارشل لاء لگانے کی بات کرتا ہے، لانگ مارچ ٹھس ہوگیا، 2 ہزار سے زیادہ لوگ نہیں یہ بھی راستے سے واپس ہوجائیں گے۔

انہوں نے خاتون صحافی صدف نعیم کے واقعے پر عدالتی کمیشن بنانے اور ارشد شریف قتل کی انکوائری کرنے کا مطالبہ کیا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کس نے ملک سے باہر بھجوایا، محمود خان سے پوچھ گچھ ہونی چاہیے۔

قومی خبریں سے مزید