• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پونیت کی آخری رسومات میں کیوں نہیں آئے؟ رجنی کانت وجہ بتاتے ہوئے جذباتی ہوگئے

بھارت کے لیجنڈ اداکار رجنی کانت پونیت راجکمار کی آخری رسومات میں عدم شرکت کی وجہ بتاتے ہوئے جذباتی ہوگئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق آنجہانی اداکار پونیت راجکمار کو حال ہی میں کرناٹک کے اعلیٰ سول اعزاز سے نواز ا گیا ہے۔

رجنی کانت نے اداکار کی آخری رسومات میں عدم شرکت کے حوالے سے بڑا انکشاف کیا اور اس دوران وہ جذباتی بھی ہوگئے۔

کنٹر ریاست کے قیام کی 67 ویں سالگرہ کی مناسبت پر تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس کے مہمان خصوصی کی فہرست میں وزیراعلیٰ بسواراج بومائی، رجنی کانت اور جونیئر این ٹی آر تھے۔

اس دوران پونیت راجکمار کو اعلیٰ سول اعزاز سے نواز گیا، اپنے خطاب کے دوران رجنی کانت نے آنجہانی اداکار کو یاد کیا۔

لیجنڈ اداکار نے پونیت راج کمار کو خدا کا پیارا قرار دیا جو کچھ عرصہ ہمارے درمیان رہا، ہمارے ساتھ کھیلا اور ہمیں ہنسا کر واپس چل دیا لیکن اُس کی روح اب بھی ہمارے ساتھ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پونیت کے خاندان کے قریب ہونے کے باوجود وہ اداکار کی آخری رسومات میں شریک نہیں ہوسکے۔

رجنی کانت نے بتایا کہ پونیت کی موت کے وقت میرا آپریشن ہورہا تھا، میں آئی سی یو میں تھا، مجھے پونیت کی موت کی اطلاع 3 دن بعد ملی، میں صحت کی وجہ سے نہیں آسکا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں پونیت کے مسکراتے ہوئے چہرے کو نہیں بھولنا چاہیے، اگر مجھے اُسی وقت اداکار کی موت کا علم ہوتا تب بھی صحت کی خرابی کے باعث سفر نہ کرسکتا تھا۔

پونیت راجکمار گزشتہ برس اکتوبر میں 46 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے تھے، تقریب میں اداکار کی اہلیہ اشونی پونیت نے سول ایوارڈ وصول کیا۔

قومی خبریں سے مزید