گزشتہ برس دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے بھارتی اداکار کی آخری فلم نے مداحوں کو آنسو بہانے پر مجبور کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق پونیت راجکمار عرف اپو جنہوں نے ساؤتھ کی کئی فلموں میں اپنی عمدہ اداکاری سے مداحوں کے دل جیتے، وہ 46 سال کی عمر میں ہارٹ اٹیک سے چل بسے تھے۔
ان کی آخری فلم گندھادا کی اسکریننگ 28 اکتوبر کو ہوئی تو مداحوں کی بڑی تعداد نے سنیما کا رخ کیا اور فلم کے اختتام پر پونیت راجکمار کو انتہائی جذباتی اندا ز میں خراج عقیدت پیش کیا۔
وامسی کاکا نے سوشل میڈیا پر آنجہانی اداکار کی فلم کی اسکریننگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس میں کئی مداحوں کی آنکھوں میں اپنے پسندیدہ اداکار کے لیے محبت سے لبریز جذبات آنسو کی شکل میں رواں تھے۔
پونیت راج کمار کی گزشتہ برس اچانک موت سے کئی مداحوں کی دل ٹوٹ گئے تھے، وہ آج بھی اپنے کام کے باعث لاکھوں دلوں میں زندہ ہیں۔
جب اُن کے مداحوں کو پتا چلا کہ ان کے پسندیدہ اداکارکی آخری فلم سنیما کی زینت بن رہی ہے تو وہ اس کےلیے دوڑے چلے آئے اور اس کا پریمیئر شو یادگار ثابت ہوا۔
گندھادا دراصل ایک دستاویزی فلم ہے، جس میں کرناٹک کے خوبصورت مناظر کو دکھایا کیا گیا ہے، اس کے ہدایت کار صوبے میں وائلڈ دستاویزی فلموں کے لیے بہت مشہور ہیں۔
فلم کا 9 اکتوبر کو ٹریلر ریلز ہوا تو اسے وزیراعظم نریندر مودی نے بھی سراہا تھا۔
کرناٹک فلم انڈسٹری جس میں آج کل کے جی ایف اور کنٹارا جیسی فلموں نے دھوم مچا رکھی ہے، اس میں پونیت کے ڈریم پروجیکٹ پر لوگوں کا ایسا ردعمل اس کے گیم چینجر ہونے کا پتا دیتا ہے۔