شرم الشیخ(جنگ نیوز، ایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف نے مصر کے شہر شرم الشیخ میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کیلئے منعقد کاپ 27سربراہی کانفرنس کے موقع پرمتحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید النہیان ، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیوگوتریس‘ سیکریٹری جنرل عرب لیگ احمد ابوالغیث‘عراق ، تاجکستان ، انڈونیشیا کے صدور، لبنانی وزیراعظم اور دیگر سے ملاقاتیں کیں ۔
وزیراعظم شہباز شریف کی اماراتی صدر محمد بن زاید النہیان سے ملاقات پرجوش رہی اور پاکستان اور امارات نے مشترکہ مقاصد کیلئے ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ مصر کے صدر عبدالفتح السیسی اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس نے وزیراعظم کا استقبال کیا.
وزیراعظم محمد شہباز شریف اور عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابوالغیث نے ملاقات کی ، دونوں رہنماؤں نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے تباہ کن اثرات سے بچاؤ کیلئے بھرپور تعاون پر اتفاق کیا۔وزیراعظم نے عرب لیگ کے چارٹر اور اس پر عمل کے لئے سیکرٹری جنرل کے عزم کو سراہا۔