• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں موسم سرما کا آغاز، ژالہ باری،بارش سے سردی میں اضافہ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

موسم سرما کا آغاز ہوتے ہی ملک کے مختلف شہروں میں بارش، ژالہ باری اور برف باری جاری ہے جس نے سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا ہے۔

آزاد کشمیر میں مظفر آباد، وادی نیلم، ہٹیاں بالا، ضلع حویلی، وسطی اور جنوبی اضلاع سمیت لیپا ویلی کے پہاڑوں پر بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے، شمالی پہاڑ گنگا چوٹی پر ہلکی برفباری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

گلگت بلتستان کےضلع دیامر اور استور کے بالائی علاقوں میں برف باری جبکہ چلاس میں وقفے وقفے سے بارش ہورہی ہے، ہنزہ کے پہاڑوں پر برفباری جبکہ نشیبی علاقوں میں ہلکی بارش سے سردی بڑھ گئی ہے۔

وادی کالام کے بالائی علاقوں گبرال، اتروڑ اور مہوڈھنڈ میں وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے، بنوں میں بارش کے بعد موسم سرد ہوگیا جس کے بعد گرم ملبوسات، خشک میوہ جات اور مچھلی کی فروخت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

بلوچستان کے شمالی علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ وقفے وقفے کے ساتھ جاری ہے، ہرنائی، زیارت، سنجاوی، کان مہترزئی، توبہ اچکزئی کے پہاڑی علاقوں میں کہیں بارش تو کہیں تیز ژالہ باری سے معمولات زندگی متاثر ہیں، یخ بستہ ہوائیں چلنے سے بےگھر متاثرین کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا ہے۔

خضدار، اوتھل، بیلہ کے مختلف علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی جبکہ سندھ کے علاقوں ٹھٹھہ اور سجاول میں بھی ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید