کراچی (نیوز ڈیسک) سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے اتوار کو اپنا طے شدہ دورہ بھارت منسوخ کر دیا جس کی وجہ دونوں ملکوں کی جانب سے شیڈول کے مسائل بتائی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق، اگرچہ یہ دورہ سرکاری سطح پر اعلانیہ نہیں تھا لیکن ستمبر میں وزیر خارجہ شنکر جئے کشن کی جانب سے دورے کی دعوت کا وزیراعظم مودی کا خط پہنچانے کے بعد گزشتہ کئی ہفتوں سے اس کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی۔ دونوں ملکوں کے حکام نے دورے کی منسوخی کی تصدیق کر دی ہے اور کہا ہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان اور بھارتی وزیراعظم مودی کے درمیان ملاقات اب انڈونیشیا کے شہر بالی میں جی ٹوئنٹی کے اجلاس کے موقع پر ہوگی۔ سعودی وزیراعظم مستقبل میں دورۂ بھارت کا منصوبہ بنائیں گے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس دورے میں توانائی کے شعبے میں تعاون، تیل کی تجارت، قابل تجدید ذرائع سے بجلی بنانے اور ساتھ ہی انفرا اسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون کے حوالے سے بات چیت ہونا تھی۔ رواں سال مئی میں حکمران جماعت کے ترجمان کی جانب سے مذہبی حوالے سے توہین آمیز کلمات کی ادائیگی اور اس پر سعودی عرب کے احتجاج کے بعد کسی بھی سعودی شخصیت کا یہ پہلا سرکاری دورہ تھا جو اب منسوخ ہو چکا ہے۔