• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

داخلی و سیاسی استحکام سے 30 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آسکتی ہے، طاہر اشرفی

چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ ملک میں داخلی اور سیاسی استحکام آجائے تو 30 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آسکتی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران طاہر اشرفی نے کہا کہ مذاق اڑاتے ہیں کہ شہباز شریف مانگنے جاتے ہیں، میں نے عمران خان کو کہا خان صاحب ہم بھی مانگنے جاتے تھے دینے نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کمیٹی بنا کر تمام سیاسی جماعتوں کو مذاکرات کی دعوت دے گی، پاکستان میں میثاق پاکستان کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد جلد پاکستان آئیں گے، پاکستانی قوم اہلاً و سہلاً کہے گی، محمد بن سلمان مملکت کے مہمان ہوں گے۔

طاہر اشرفی نے یہ بھی کہا کہ داخلی انتشار کے بہت نقصانات ہیں، اسے ختم کرنا ہوگا، فوج مخالف بیانیے کو تقویت دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سلامتی کے اداروں کے خلاف بے بنیاد الزام عائد کیے جا رہے ہیں، درج شدہ ایف آئی آر میں ثبوت فراہم کیے جائیں، اگر ثابت ہوا تو ملزم کا نام شامل ہوجائے گا۔

چیئرمین پاکستان علماء کونسل کا کہنا تھا کہ دشمن ملک کو کمزور کرنے کے لیے چالیں چل رہا ہے، ہمیں سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ارشد شریف کے قتل کے بعد بھی متنازع بیانیہ عام کیا گیا پھر یہی سازش وزیرآباد حملے کے بعد اپنائی گئی۔

طاہر اشرفی نے کہا کہ لکی مروت میں پولیس وین پر حملہ ہوا، ریاستی اداروں کی قربانیاں ہمارے ماتھے کا تاج ہیں۔

قومی خبریں سے مزید