اسلام آباد (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق خواجہ آصف کی شیریں مزاری سے متعلق طنزیہ گفتگوپر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی بیہودگی اور بدتمیزی پر خواجہ آصف کو الٹا لٹکا دینا چاہئے اور انہیں 25جوتے صبح اور 25جوتے شام کو مارنے چاہئیں۔ قبل ازیں قومی اسمبلی اجلاس کے دوران خواجہ آصف نے گفتگو کے دوران بات کر نے پر شیریں مزاری کے بارے میں کہا تھا کہ ’’اس ٹریکٹر ٹرالی‘‘ کو تو خاموش کرادیں۔جس کے بعد اسمبلی میں خوب ہنگامہ ہوا۔خواجہ آصف کے بیان کی تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود اور شفقت محمود نے بھی مذمت کی۔شفقت محمو نے کہا کہ حکومتی بنچوں کو ذمہ داری کا ثبوت دینا چاہیےجبکہ شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران خواجہ آصف کے شیریں مزاری سے متعلق تبصروں کی شدید مذمت کی اور کہا کہ ایک مرد کا خاتون سے متعلق اس قسم کا رویہ قابل مذمت ہے۔ شاہ محمود نے کہا کہ حکومتی بینچوں میں تنقید سننے کا حوصلہ ہونا چاہئے جسے خندہ پیشانی اور ساتھ تحمل سے سن کر جواب دینا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ لگتا ہے حکومت اپنے پیروں پر کلہاڑی مارنا چاہتی ہے،حکومت خود ایوان کا ماحول خراب کرنا چاہتی ہے۔