• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایلون مسک نے ٹوئٹر ملازمین کے استعفوں پر ردعمل دے دیا

فائل فوٹو
فائل فوٹو

ٹوئٹر کے سربراہ ایلون مسک نے اپنے جاری کردہ انتباہ کے نتیجے میں ملازمین کی جانب سے بڑے پیمانے پر استعفوں پر رد عمل ظاہر کردیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایلون مسک نے ٹوئٹر ملازمین کو انتباہ کیا تھا کہ اگر وہ سخت محنت نہیں کرنا چاہتے تو کمپنی کو چھوڑ دیں جس پر ملازمین کی بڑی تعداد نے ملازمت چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔

بڑے پیمانے پر ملازمین کے استعفوں کے باعث سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا سربراہی دفتر سمیت دیگر کئی دفاتر بند ہوگئے ہیں۔

جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین میں ٹوئٹر کے مستقبل کے حوالے سےاضطرابی کیفیت پھیل گئی ہے۔ ایسے ہی ایک صارف کو جواب دیتے ہوئے ایلون مسک نے کہا کہ ’بہترین لوگ باقی رہ گئے ہیں، لہذا میں زیادہ پریشان نہیں ہوں‘۔

خیال رہے کہ یہ ٹوئٹ ایلون مسک کی جانب سے اس وقت سامنے آیا ہے جب ٹوئٹر ملازمین کے بڑے پیمانے پر استعفوں کی وجہ سے کمپنی نے مجبور ہو کر عارٖضی طور پر دفاتر بند کرنے کا اعلان کیا۔

کمپنی بند ہونے کے بعد ایلون مسک نے ایک اور ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ ٹوئٹر استعمال کرنے کی شرح تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

واضح رہے کہ ایلون مسک نے ٹوئٹر کا نظام سنبھالنے کے بعد بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی تھیں، جن میں تصدیق شدہ اکاؤنٹس پر 8 ڈالرز سبسکرپشن فیس عائد کرنا بھی شامل تھا، جس کے باعث انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید