مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کے چیف ایلون مسک نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو بحال کر دیا۔
ایلون مسک نے زیادہ تر ٹوئٹر صارفین کی رائے ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کی بحالی کے حق میں آنے کے بعد سابق امریکی صدر کے اکاؤنٹ کو بحال کردیا۔
ایلون مسک نے ٹوئٹر پر جمعے کے روز سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کی بحالی سے متعلق لوگوں کی رائے جاننے کے لیے ایک پول کروایا تھا۔
اس پول پر 51.8 فیصد لوگوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کی بحالی کی حمایت میں جبکہ 48.2 فیصد لوگوں نے مخالفت میں ووٹ دیا۔
پول کے نتائج سامنے آنے کے بعد ایلون مسک نے ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کی بحالی کا اعلان کیا تھا۔
اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ لوگ اپنی رائے دے چکے ہیں، ٹرمپ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو بحال کر دیا جائے گا۔
اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں ایک مشہور لاطینی محاورہ بھی لکھا ہے جس کا مطلب ہے کہ آوازِ خلق کو نقارۂ خدا سمجھو۔
واضح رہے کہ 6 جنوری کو کیپیٹل ہل حملے کے تناظر میں 2021ء میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو بند کر دیا گیا تھا۔
پابندی کے وقت ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹوئٹر پر فالوورز کی تعداد 88.8 ملین تھی۔
سابق امریکی صدر نے بار بار ٹوئٹر کا استعمال کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ نومبر 2020ء کے انتخابات میں ان کی شکست ووٹروں کی بڑے پیمانے پر دھوکا دہی کی وجہ سے ہوئی۔
ماضی میں ٹوئٹر اکاؤنٹ مستقل طور پر بند کرنے سے قبل 7 جنوری کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ 12 گھنٹے کے لیے لاک کر دیا گیا تھا اور ساتھ ہی انہیں پابندی کی وارننگ بھی دی گئی تھی۔
اس حوالے سے ٹوئٹر انتظامیہ نے کہا تھا کہ امریکی صدر ٹرمپ کے 3 ٹوئٹ ڈیلیٹ کیے گئے ہیں اور ان کا اکاؤنٹ 12 گھنٹوں کے لیے لاک کر دیا گیا ہے۔