ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد سے ایلون مسک اس پلیٹ فارم پر بہت زیادہ متحرک رہتے ہیں اور اب انہوں نے ٹوئٹر پر ہی سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق ووٹنگ بھی کرائی ہے۔
ایلون مسک نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ڈونلڈ ٹرمپ کے اکاؤنٹ کی بحالی کے لیے ووٹنگ کرائی جس میں لوگوں سے ہاں اور نہیں کا انتخاب کرنے کا کہا گیا۔
آج ایلون مسک نے ایک مرتبہ پھر ووٹنگ کرانے سے متعلق ٹوئٹ کر کے لوگوں کو بتایا کہ ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق ووٹنگ پر فی گھنٹا ایک لاکھ لوگ ووٹ کر رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اب تک کے نتائج کے دوران لاکھوں لوگوں نے ہاں جبکہ اتنی ہی تعداد نے نہیں میں ووٹ کیا ہے۔
واضح رہے کہ 6 جنوری کو کیپیٹل ہل حملے کے تناظر میں 2021ء میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو بند کردیا گیا تھا۔
پابندی کے وقت ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹوئٹر پر فالوورز کی تعداد 88.8 ملین تھی۔
سابق امریکی صدرنے بار بار ٹوئٹر کا استعمال کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ نومبر 2020 کے انتخابات میں ان کی شکست ووٹروں کے بڑے پیمانے پر دھوکا دہی کی وجہ سے ہوئی۔
ماضی میں ٹوئٹر اکاؤنٹ مستقل طور پر بند کرنے سے قبل 7 جنوری کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ 12 گھنٹے کے لئے لاک کردیا گیا تھا اور ساتھ ہی انہیں پابندی کی وارننگ بھی دی گئی تھی۔
اس حوالے سے ٹوئٹر انتظامیہ نے کہا تھا کہ امریکی صدر ٹرمپ کے 3 ٹوئٹ ڈیلیٹ کیے گئے ہیں اور ان کا اکاؤنٹ 12 گھنٹوں کے لیے لاک کردیا گیا ہے۔