شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث 3 ماہ سے تعطل کا شکار جعفر ایکسپریس کو پشاور کے لیے مچ سے بحال کر دیا گیا ہے۔
ڈی ٹی او ریلوے ابراہیم بلوچ کا کہنا ہے کہ جعفر ایکسپریس آج 11 بج کر 10 منٹ پر مچ سے پشاور کے لیے روانہ ہو گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن سے مچ کے لیے شٹل بس سروس شروع کر دی گئی ہے، آج کوئٹہ سے مچ کے لیے 164 مسافروں کو شٹل بسز سے روانہ کیا گیا ہے۔
ابراہیم بلوچ کا کہنا ہے کہ مسافروں کو ہرک ریلوے پل کی بحالی تک روزانہ شٹل بس پر مچ لے جایا جائے گا، ہرک ریلوے پل کی مرمت اور بحالی کا کام جاری ہے۔
ڈی ٹی او ریلوے نے یہ بھی کہا ہے کہ ہرک ریلوے پل کی بحالی کے بعد جعفر ایکسپریس کوئٹہ سے چلائی جائے گی۔
واضح رہے کہ کوئٹہ تا پشاور جعفر ایکسپرس سیلاب کے باعث ریلوے ٹریک متاثر ہونے سے معطل ہو گئی تھی۔